ریڈیو انقلاب نے باضابطہ طور پر کام کرنا شروع کردیا
ایران کے قومی نشریاتی ادارے آئی آر آئی بی کے نئے ریڈیو چینل ، ریڈیو انقلاب نے باضابطہ طور پر کام کرنا شروع کردیا ہے۔
قومی نشریاتی ادارے کے سربراہ ڈاکٹر محمد سرافراز نے ریڈیو انقلاب کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں ڈاکٹر محمد سرافراز نے کہا کہ ریڈیو انقلاب کی تاسیس کا مقصد امام خمینی رح کے افکار و نظریات اور اسلامی انقلاب کے پیغام کو زندہ رکھنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسلامی انقلاب کے بنیادی نظریئے کا تحفظ ریڈیو انقلاب کی اہم ترین ذمہ داری ہے۔قومی نشریاتی ادارے آئی آر آئی بی کے سربراہ نے کہا کہ پروپیگنڈا جنگ کے منصوبہ ساز ، انسانوں کے عقائد، جذبات اور احساس کو کنٹرول اور انہیں تبدیل کرنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تسلط پسند طاقتوں سے وابستہ ذرائع ابلاغ عالمی رائے عامہ کے ذہنوں کو انقلاب اسلامی سے منحرف کرنے کے منصوبے پر کام کر رہے ہیں۔
ڈاکٹر محمد سرافراز نے انقلاب اسلامی کے اوائل اور بعد کے عرصے میں اسلامی جمہوری نظام کے خلاف دشمن کی سازشوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ریڈیو انقلاب ان سازشوں کے مقابلے میں عوام کے مختلف طبقات کے کردار کو معاشرے میں اجاگر کرنے کی ذمہ داری بھی پوری کرے گا۔