Feb ۰۵, ۲۰۱۶ ۱۰:۱۳ Asia/Tehran
  • ایران کے ساتھ باہمی تعاون میں توسیع کا خیر مقدم

ہندوستانی وزیر خارجہ سشما سوراج نے اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ سیاسی اور اقتصادی تعاون میں توسیع پر مبنی اپنے ملک کے عزم کی خبر دی ہے۔

ارنا کی رپورٹ کے مطابق ہندوستانی وزیر خارجہ سشما سوراج نے جمعرات کے دن ایران کے نائب وزیر خارجہ ابراہیم رحیم پور کے ساتھ نئی دہلی میں ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے باہمی تعاون کے مواقع کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ تہران اور نئی دہلی اقتصاد، تجارت اور توانائی کے میدانوں میں باہمی تعاون کو فروغ دے سکتے ہیں۔

ہندوستانی وزیر خارجہ نے مستقبل قریب میں اپنے دورۂ ایران کی بھی خبر دی۔ اس ملاقات میں اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب وزیر خارجہ ابراہیم رحیم پور نے بھی ایران مخالف پابندیاں اٹھائے جانے کے بعد کے حالات اور ایران میں موجودگی پر مبنی یورپی اور ایشیائی ممالک کے رجحان کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کو ہندوستان کی وہ کوششیں یاد ہیں جو اس نے ایران مخالف پابندیوں کے زمانے میں کیں۔

ابراہیم رحیم پور نے ایران اور ہندوستان کی سیاسی مشاورت کے اجلاس میں یہ بات زور دے کر کہی کہ اسلامی جمہوریہ ایران پابندیوں کے خاتمے کے بعد کے زمانے میں ہندوستان کے ساتھ اقتصادی میدان میں باہمی تعاون کے لئے خاص اہمیت کا قائل ہے۔

ٹیگس