ایران میں پارلیمانی انتخابات کی تیاریاں مکمل
ایران کے الیکشن ہیڈ کواٹر کے سربراہ محمد حسین مقیمی نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ اور ماہرین کی کونسل کے انتخابات کے لئے تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔
الیکشن ہیڈکوارٹر میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے محمد حسین مقیمی نے کہا کہ انتخابات کے بیلٹ پیپر اور بیلٹ بکس صوبائی مراکز کو ارسال کردیئے گئے ہیں۔ انہوں نے حلقہ بندیوں کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا کہ ماہرین کی کونسل مجلس خبرگان رہبری کے لئے اکتیّس مرکزی جبکہ ایک ہزار اکتیس ذیلی حلقے بنائے گئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ مجلس شورائے اسلامی یا پارلیمنٹ کے انتخابات کے لئے دو سو سات مرکزی اور آٹھ سو پچپن ذیلی حلقے قائم کئے گئے ہیں۔ پولنگ مراکز کی تعداد پچپن سے ساٹھ ہزار کے قریب ہوگی تاہم حتمی تعداد کا فیصلہ ایگزیکٹیو کمیٹیوں کی سفارشات کے مطابق کیا جائے گا۔
الیکشن ہیڈکوارٹر کے سربراہ محمد حسین مقیمی نے کہا کہ ان انتخابات میں پانچ کروڑ انچاس لاکھ پندرہ ہزار چوبیس افراد ووٹ ڈالنے کے اہل ہیں۔ ایران کی قومی اسمبلی، مجلس شورائے اسلامی اور ماہرین کی کونسل، مجلس خبرگان رہبری کے انتخابات چھبیس فروری کو کرائے جائیں گے۔