Feb ۱۷, ۲۰۱۶ ۱۰:۱۰ Asia/Tehran
  • اقوام متحدہ میں اسلامی جمہوریہ ایران کے مستقل نمائندے غلام علی خوشرو
    اقوام متحدہ میں اسلامی جمہوریہ ایران کے مستقل نمائندے غلام علی خوشرو

اقوام متحدہ میں اسلامی جمہوریہ ایران کے مستقل نمائندے نے تشدد اور انتہا پسندی کو دنیا کے امن و استحکام اور سماجی، ثقافتی اور اقتصادی ترقی کے لیے خطرہ قرار دیا ہے۔

ارنا کی رپورٹ کے مطابق غلام علی خوشرو نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی جانب سے تشدد اور انتہا پسندی کا مقابلہ کرنے کے سلسلے میں جنرل اسمبلی میں پیش کیے جانے والے پروگرام کے بارے میں اسلامی جمہوریہ ایران کے نقطہ نظر کی وضاحت کرتے ہوئے اس پروگرام کا خیرمقدم کیا۔

غلام علی خوشرو نے یہ بات بیان کرتے ہوئے کہ ایران نے تشدد اور انتہا پسندی کا مقابلہ کرنے کا منصوبہ اور تہذیبوں کے درمیان گفتگو کی تجویز جنرل اسمبلی میں پیش کی ہے، کہا کہ تمام ادیان خود کو امن کا پابند سمجھتے ہیں اور تشدد و انتہا پسندی کو کسی بھی مذہب، قوم، تہذیب یا نسلی گروہ سے منسوب نہیں کرنا چاہیے اور نہ ہی ایسا کیا جا سکتا ہے۔ انھوں نے بعض اہم ٹی وی چینلوں کی جانب سے فرقہ واریت کو ہوا دینے، تحمل و برداشت نہ ہونے اور نسل پرستی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ بہت سے نوجوان بعض اہم میڈیا چینلوں کی انہی پالیسیوں کی وجہ سے انتہا پسندی اور تشدد کی طرف مائل ہوئے ہیں۔

واضح رہے کہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون نے تشدد اور انتہا پسندی کے خلاف دنیا یعنی (WAVE) کے عنوان سے جنرل اسمبلی کی قرارداد پر عمل درآمد کے سلسلے میں انتہا پسندی اور تشدد کا مقابلہ کرنے کے لیے ایک پروگرام پیش کیا ہے۔ مذکورہ قرارداد دو ہزار تیرہ میں اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے پیش کی تھی جسے اقوام متحدہ نے منظور کر لیا تھا۔

ٹیگس