ایران اور عمان کے تعلقات مثالی ہیں: ایرانی وزیر خارجہ محمد جواد ظریف
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے ایران اور عمان کے تعلقات کو علاقے کے دیگر ملکوں کے لئے مثالی قراردیا ہے۔
وزیرخارجہ محمد جواد ظریف نے تہران میں عمان کے وزیرخارجہ یوسف بن علوی کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ ایران اور عمان کے تعلقات علاقائی ملکوں کے لئے بہترین مثال بن سکتے ہیں -
انہوں نے عمان کے وزیرخارجہ کے ساتھ مذاکرات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ عمان نے ایران کے ایٹمی معاملے کے حل میں اہم کردار ادا کیا ہے -
ان کا کہنا تھا کہ عمان کے وزیرخارجہ کے ساتھ ہونےوالی بات چیت میں اقتصادی، سیاسی، انرجی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کا موضوع زیربحث آیا -
انہوں نے کہا کہ ایران اور عمان نے کسٹم اور بینکنگ کے میدان میں بھی مشترکہ تعاون اور سرمایہ کاری پر اتفاق کیاہے -
انہوں نے کہا کہ ہم عمان کے وزیرخارجہ کے دورہ تہران پر انہیں خوش آمدید کہتے ہیں-
عمان کے وزیرخارجہ یوسف بن علوی کے ہمراہ عمان کے وزیرتجارت، عمان کے مرکزی بینک کے سربراہ ، بینک آف مسقط اور عمان کی سرمایہ کاری کی فیڈریشن کے سربراہ بھی تہران آئے ہیں -
اس مشترکہ پریس کانفرنس میں عمان کے وزیرخارجہ یوسف بن علوی نے بھی کہا کہ ایران کے ساتھ تعاون سے پورے خطے میں امن واستحکام کی تقویت میں مدد ملے گی -
عمان کے وزیرخارجہ نے اس بات کا ذکرکرتے ہوئے کہ دونوں ملکوں کے وزرائے خارجہ نے باہمی تعاون کو زیادہ سے زیادہ فروغ دینے کے لئے بات چیت کی ہے کہاکہ ہم نے یہ دورہ مختلف میدانوں خاص طور پر اقتصادی میدان میں ایک نیا باب کھولنے کے لئے انجام دیا ہے -