ویزا نہ دینے پر ایران کی سعودی عرب پر نکتہ چینی
اسلامی جمہوریہ ایران نے سعودی عرب کی جانب سے او آئی سی کے اجلاس میں شرکت کے لئے جانے والے ایرانی وفد کو ویزا نہ دینے پر کڑی نکتہ چینی کی ہے۔
ایران کے نائب وزیر خارجہ حمید بعیدی نژاد نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے سعودی عرب کے غیر قانونی اور متعصبانہ سلوک کے بارے میں متعلقہ اداروں کو اپنے احتجاج سے آگاہ کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران کی شرکت کے بغیر جدہ اجلاس میں کئے جانے والے کسی بھی فیصلے کی کوئی رسمی حیثیت نہیں ہو گی۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ سعودی حکومت حقیقت پسندانہ پالیسیاں اپناتے ہوئے اس بات کا موقع فراہم کرے گی کہ اسلامی تعاون تنظیم غیر اہم مسائل میں الجھنے کے بجائے فلسطین، دہشت گردی اور فرقہ پرستی جیسے اہم اور امت مسلمہ کے مشترکہ مسائل و مشکلات پر غور و خوص کر سکے۔
قابل ذکر ہے کہ اسلامی تعاون تنطیم او آئی سی کے اعلی عہدیداروں کا اجلاس اتوار کو جدہ میں شروع ہو گیا جو پیر تک جاری رہے گا۔ ترکی کی صدارت میں ہونے والے اس دو روزہ اجلاس میں استنبول میں ہونے والے سربراہی اجلاس کا ایجنڈا تیار کیا جا رہا ہے۔