Mar ۰۵, ۲۰۱۶ ۰۹:۵۳ Asia/Tehran
  • رہبر انقلاب اسلامی مشہد پہنچ گئے

رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای مجاہد عالم دین آیت اللہ شیخ عباس واعظ طبسی مرحوم کی نماز جنازہ میں شرکت کے لئے مشہد مقدس پہنچ گئے ہیں۔

رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای آج مشہد میں شیخ عباس واعظ طبسی مرحوم کی نماز جنازہ پڑھائیں گے اور حضرت امام رضا علیہ السلام کے روضہ اقدس میں رہبر انقلاب اسلامی کی جانب سے شیخ عباس واعظ طبسی کے ایصال ثواب کی مجلس بھی برپا کی جائے گی۔

قابل ذکر ہے کہ آیت اللہ واعظ طبسی نے اسلامی انقلاب کی کامیابی سے قبل اور اسلامی انقلاب کی کامیابی کے بعد اسلام کی تبلیغ کے حوالے سے انتہائی گرانقدر خدمات انجام دیں۔ انقلاب اسلامی کی کامیابی کے بعدحضرت امام خمینی (رح) نے انھیں صوبہ خراسان میں اپنا نمائندہ اور حرم حضرت امام رضا علیہ السلام کا متولی مقرر کیا تھا۔

حضرت امام خمینی (رح) کی رحلت کے بعد رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے بھی انھیں نمائندہ ولی فقیہ اور بارگاہ رضوی کا متولی برقرار رکھا ۔

وہ بارگاہ رضوی کے متولی کے علاوہ مجتہدین کی کونسل مجلس خبرگان کے رکن بھی رہے ۔ آیت اللہ واعظ طبسی خراسان صوبے کی دینی درسگاہوں کے وفاق، حوزہ علمیہ خراسان کے سربراہ بھی رہے ۔

انہیں ایک ہفتہ قبل سانس کی تکلیف کے باعث مشہد مقدس کے امام رضاعلیہ السلام اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ جہاں وہ جمعے کی صبح اسّی برس کی عمر میں اس دار فانی سے کوچ کرگئے۔

ٹیگس