صدر مملکت نے علاقائی اور عالمی سطح پر ایران اور ویتنام کے باہمی تعاون کی ضرورت پر زور دیا ہے
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے علاقائی اور عالمی سطح پر ایران اور ویتنام کے باہمی تعاون کی ضرورت پر زور دیا ہے.
صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے تہران میں اپنے ویتنامی ہم منصب کے ساتھ ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں ایران اور ویتنام کے درمیان سیاسی اور اقتصادی میدانوں میں تعلقات کو زیادہ سے زیادہ فروغ دینے پر زور دیا ہے- صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا اس وقت ایران اور ویتنام کے مابین تجارتی لین دین کا حجم تین سو پچاس ملین ڈالر ہے جو آئندہ پانچ برسوں میں بڑھ کر پانچ ارب ڈالر ہو جائے گا - انہوں نے کہا کہ ایران اور ویتنام علاقائی اورعالمی سطح پر مشترکہ تجربات اور مفادات کے حامل ہیں جن کے ذریعے ہم مشترکہ اہداف حاصل کر سکتے ہیں-
صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ ویتنام کے لوگ بہادر اور ثابت قدم لوگ ہیں صدر مملکت نے کہا کہ ویتنام کے عوام نے اغیار کی جارحیت کے مقابلے میں شاندار استقامت کا مظاہرہ کیا ہے جس کی وجہ سے ایرانی عوام ویتنام کے لوگوں کو خاص عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھتے ہیں-
صدر حسن روحانی نے کہا کہ ایران اور ویتنام دونوں نے ہی مسلط کردہ جنگ اور پابندیوں جیسے تلخ دور دیکھے ہیں اور دونوں ہی ملکوں نے ان حالات کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے- انہوں نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ علاقائی اور عالمی مسائل میں تہران اور ہنوئی کے نظریات اور موقف ایک دوسرے سے قریب ہیں اور اقوام متحدہ اور ناوابستہ تحریک جیسے عالمی اداروں میں دونوں ہی ممالک ایک دوسرے سے اچھا تعاون کرتے ہیں، کہا کہ یہ تعاون پہلے سے بھی زیادہ مستحکم ہونا چاہئے-
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے دہشت گردی کے خلاف جنگ اور اس سلسلے میں دونوں ملکوں کے تعاون کے بارے میں ہونے والی بات چیت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ویتنام کے صدر کے ساتھ ہونے والے مذاکرات میں دہشت گردی کےخلاف جنگ اور اس میدان میں تہران اور ہنوئی کے تعاون کی ضرورت پر زور دیا گیا- صدر مملکت حسن روحانی نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ ویتنام کے صدر کا یہ دورہ دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات میں توسیع کا بہترین آغاز ثابت ہو گا-
ویتنام کے صدر ترانگ تان سانگ نے بھی اس مشترکہ پریس کانفرنس میں ہمہ جانبہ تعلقات کی توسیع میں دو طرفہ تعاون کی تقویت پر زور دیا- انہوں نے اپنے ہمراہ آنے والے تجارتی وفدکا ذکرکرتے ہوئے کہا کہ دونوں ملکوں نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ اقتصادی اور تجارتی میدانوں میں تعلقات کو فروغ دینا ہماری ترجیح ہو گی-
انہوں نے اہم علاقائی اور بین الاقوامی مسائل پر ایران کے صدر کے ساتھ ہونے والی بات چیت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ آج علاقائی اور عالمی سلامتی کو خطرہ لاحق ہے اور ضرورت اس بات کی ہے کہ دنیا کے سبھی ممالک امن و سلامتی کی برقراری کے لئے مل کر کوشش کریں- انہوں نے کہا ویتنام اور ایران سمجھتے ہیں کہ علاقائی اور عالمی تنازعات کو پرامن طریقے سے اور عالمی قوانین کی پاسداری کرتے ہوئے حل کیا جانا چاہئے-
اس سے پہلے اسلامی جمہوریہ ایران اور ویتنام کے صدور نے باضابطہ مذاکرات انجام دیئے جن میں مختلف میدانوں میں تعاون پر اتفاق ہوا - ویتنام کے صدر ایک اعلی سطحی وفد کے ہمراہ اتوار کی شام تہران پہنچے ۔