ملکی دفاع کو زیادہ سے زیادہ مضبوط بنائیں گے، ایڈمرل سیاری
بحریہ کے سربراہ ایڈمرل حبیب اللہ سیاری نے کہا ہے کہ خطرات کے مقابلے میں ملکی دفاع کو مضبوط سے مضبوط بنانے کا سلسلہ جاری رہے گا۔
تہران میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے ایڈمرل حبیب اللہ سیاری نے کہا کہ ایران کی فوجی طاقت میں اضافے کا واحد مقصد خطرات کے مقابلے میں ملکی دفاع کو زیادہ سے زیادہ مضبوط بنانا ہے۔
انہوں نے رہبر انقلاب اسلامی کے بیانات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایران دفاعی لحاظ سے کمزور ہو گا تو دشمن مذاکرات کی میز پر آنے سے گریز کرے گا۔
بحریہ کے سربراہ نے اسلامی جمہوریہ ایران کو خطے کا طاقتور ملک قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایران اپنی طاقت کو کسی بھی ملک کے خلاف جارحیت کے لئے ہرگز استعمال نہیں کرے گا۔
ایڈمر حبیب اللہ سیاری نے واضح کیا کہ ایران اپنی فوجی طاقت اور برتری کو صرف اور صرف ملکی دفاع اور سرحدوں کی حفاظت کے لئے کام میں لانا چاہتا ہے۔
ایڈمرل حبیب اللہ سیاری نے مزید کہا کہ ایرانی بحریہ کو جدید خطوط پر استوار کر نے کے لئے پوری توانائیاں بروئے کار لائیں گے اور جدید ترین آبدوزوں، تارپیڈو اور میزائلوں کی تیاری کا سلسلہ جاری رہے گا۔