مسلح افواج دشمنوں کا مقابلہ کرنے کے لئے پوری طرح تیار ہیں، بریگیڈیر رمضان شریف
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے کہا ہے کہ مسلح افواج دشمنوں کا مقابلہ کرنے کے لئے پوری طرح تیار ہیں۔
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے شعبہ تعلقات عامہ کے انچارج بریگیڈیر رمضان شریف نے کہا کہ دہشت گرد گروہ داعش نے مغرب اور علاقے کی بعض رجعت پسند حکومتوں کی مدد سے علاقے میں بدامنی پھیلا رکھی ہے۔
انہوں نے بدھ کو اپنے ایک بیان میں اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ ایران کی مسلح افواج دشمنوں کا مقابلہ کرنے کے لئے پوری طرح تیار ہیں-انہوں نے کہا کہ داعش کے ذریعے علاقے میں عدم استحکام پیدا کیا جانا علاقے کے سبھی ملکوں کے نقصان میں ہے۔
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے شعبہ تعلقات عامہ کے انچارج نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی سیکورٹی اور دفاع ناقابل تسخیر ہے اور ایران کی دفاعی بنیادوں کے مستحکم ہونے کے نتیجے میں دشمنوں کے مقابلے میں ملک کی سیکورٹی بھی اعلی معیاروں پر ہے۔
انہوں نے ایران پر آٹھ سالہ جنگ مسلط کرانے کے تعلق سے عالمی سامراج کی سازشوں اور خیانتوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ آج عراق کا معدوم ڈکٹیٹر صدام اس دنیا میں نہیں ہے لیکن اس کے حمایتی بدستور موجود ہیں اور اسلامی انقلاب کے بارے میں امریکا اور اس کے علاقائی اتحادیوں کی عداوت اور دشمنی میں کسی بھی طرح کی کوئی کمی واقع نہیں ہوئی ہے۔
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے شعبہ تعلقات عامہ کے انچارج نے ایران کو علاقے کا سب سے زیادہ پرامن ملک قرار دیا اور سرمایہ کاروں سے کہا کہ وہ ایران کے پرامن ماحول میں اطمینان کے ساتھ سرمایہ کاری کریں۔