Apr ۲۰, ۲۰۱۶ ۰۹:۲۴ Asia/Tehran
  • جواد ظریف اور جان کیری کی ملاقات
    جواد ظریف اور جان کیری کی ملاقات

اسلامی جمہوریہ ایران اور امریکہ کے وزرائے خارجہ نے ایران اور چھے بڑی عالمی طاقتوں کے درمیان ہونے والے ایٹمی معاہدے پر عمل درآمد کے بارے میں اطمینان حاصل ہونے کی راہوں کا جائزہ لیا۔

فارس نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق محمد جواد ظریف اور جان کیری نے منگل کے روز ایٹمی معاہدے پر مناسب عمل درآمد کی ضرورت سے اتفاق کیا۔ دونوں رہنماؤں نے ان مذاکرات میں اس بات پر زور دیا کہ ایٹمی معاہدے پر جیسا کہ اتفاق کیا گیا تھا، عمل ہونا چاہیے اور دونوں فریقوں کو اس کا فائدہ پہنچنا چاہیے۔

امریکی وزیر خارجہ نے نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر میں نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے ایٹمی معاہدے میں پیش نظر رکھے گئے فائدے تمام فریقوں تک پہنچنے کی بنیاد پر اس معاہدے پر عمل درآمد کے بارے میں اطمینان حاصل کرنے سے اتفاق کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہم جمعہ کو ایک بار پھر پیرس میں آب و ہوا کی تبدیلیوں کے معاہدے پر دستخط کی تقریب کے موقع پر ملاقات کریں گے۔

اس موقع پر ایرانی وزیر خارجہ نے بھی نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ انھوں نے جان کیری سے اس بارے میں کہ ایران کو ایٹمی معاہدے کی بنیاد پر جن فائدوں کو حاصل کرنے کا حق ہے، ان کے بارے میں اطمینان حاصل کرنے کی راہوں کا جائزہ لینے کے بارے میں بات چیت کی ہے۔

ایران اور گروپ پانچ جمع ایک نے گزشتہ سال ایک معاہدہ کیا تھا جس پر تین ماہ قبل عمل درآمد شروع ہوا۔ لیکن غیرملکی لین دین میں ایران کی ڈالر تک عدم رسائی اور ایران کے ساتھ لین دین کرنے سے بڑے غیرملکی بینکوں کے ڈر اور خوف کی وجہ سے ایران کی اقتصادی ترقی کا عمل سست روی کا شکار ہوا ہے۔

ٹیگس