حزب اللہ لبنان کے نام ہاشمی رفسنجانی کا تعزیتی پیغام
تشخیص مصلحت نظام کونسل کے سربراہ نے حزب اللہ لبنان کے اعلی کمانڈر کی شہادت پر سید حسن نصراللہ کو مبارک باد اور تعزیت پیش کی ہے۔
تشخیص مصلحت نظام کونسل کے سربراہ علی اکبر ہاشمی رفسنجانی نے حزب اللہ لبنان کے سربراہ سید حسن نصراللہ کے نام اپنے پیغام میں حزب اللہ کے مجاہد کمانڈر مصطفی بدرالدین کی شہادت پر تعزیت پیش کرتے ہوئے تاکید کے ساتھ کہا ہے کہ انھیں یقین ہے کہ تحریک مزاحمت کے غیور مجاہد، اس شہید کمانڈر اور تحریک مزاحمت کے تمام شہداء کے خون کا انتقام لے کے رہیں گے۔
ہاشمی رفسنجانی نے اپنے پیغام میں تاکید کی ہے کہ لبنان کی ارضی سالمیت اور جارحیت کے مقابلے میں دفاع و مزاحمت، حزب اللہ اور لبنانی عوام کا ایک اسٹریٹیجک عمل ہے اور صیہونی حکومت کے ہاتھوں اس تحریک کے کسی بھی کمانڈر اور سپاہی کی شہادت سے جہاد کے لئے اس ملک کے عوام کا عزم، مزید مستحکم ہو گا۔
واضح رہے کہ حزب اللہ لبنان نے ہفتے کے روز ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ وہ دھماکہ، جو حزب اللہ کے کمانڈر مصطفی بدرالدین کی شہادت کا سبب بنا ہے، شام کے دارالحکومت دمشق کے ہوائی اڈے کے قریب ان کی رہائشگاہ پر تکفیری گروہوں کے توپ کے گولے سے کئے جانے والے حملے کا نتیجہ رہا ہے۔