ایران ہندوستان کی مشترکہ بحری مشقیں
اسلامی جمہوریہ ایران کی بحریہ کے سربراہ نے کہا ہے کہ ایران اور ہندوستان کی بحریہ، ایک روزہ فوجی مشقیں انجام دیں گی۔
ایران کی بحریہ کے سربراہ ایڈمرل حبیب اللہ سیاری نے کہا ہے کہ دونوں ملکوں کی بحریہ کی مشترکہ فوجی مشقیں ستائیس مئی کو آبنائے ہرمز کے مشرقی علاقے میں ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ ان مشترکہ بحری مشقوں میں ہندوستان کے دو ڈسٹرائر گنگا ایف ٹوئنٹی ٹو اور تریکنڈ ایف اکیاون حصہ لیں گے۔
ایڈمرل سیاری نے کہا کہ ہندوستانی بحری بیڑا منگل کو ہی ایرانی آبی حدود میں داخل چکا ہے اور آئندہ تین روز تک وہ ہمارا مہمان رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ جمعے کو مشترکہ فوجی مشقیں انجام دینے کے بعد ہندوستانی بیڑا واپس چلا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہندوستان کے دو ڈسٹرائرا یک ہیلی کاپٹر کے ہمراہ، ان مشترکہ بحری مشقوں میں حصہ لیں گے جبکہ ایران کی طرف سے متعدد ڈسٹرائر ان مشقوں میں شرکت کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہندوستانی بحریہ کے ساتھ مجوزہ مشترکہ بحری فوجی مشقیں بحری شعبے میں اسلامی جمہوریہ ایران کی ممتاز پوزیش کی غماز ہیں۔