یورپی یونین کے امور خارجہ کی انچارج نے کوئی خط نہیں لکھا: ترجمان وزارت خارجہ ایران
ایران کی وزارت خارجہ نے جامع ایٹمی معاہدے کے حوالے سے یورپی یونین کے امور خارجہ کی انچارج کی جانب سے ایران کے وزیر خارجہ کے نام کسی خط سے متعلق خبروں کو سختی کے ساتھ مسترد کر دیا ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان صادق حسین جابری انصاری نے اتوار کے روز آئی آر آئی بی نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے ان خبروں کو سختی کے ساتھ مسترد کر دیا کہ یورپی یونین کے امور خارجہ کی انچارج فیڈریکا موگرینی نے جامع ایٹمی معاہدے کے حوالے سے ایران کے وزیر خارجہ کو ایک خط ارسال کیا ہے۔
بعض ذرائع ابلاغ نے گزشتہ دنوں یہ خبریں شائع کی تھیں کہ یورپی یونین کے امور خارجہ کی انچارج نے ایران کے وزیرخارجہ کے نام خط میں تحریر کیا ہے کہ جامع ایٹمی معاہدے، جے سی پی او اے کے حوالے سے یورپی یونین نے اپنے تمام وعدے پورے کر دیئے ہیں اور بینکاری مشکلات کا ان سے کوئی تعلق نہیں ہے، اگر ایران مزید پابندیاں ختم کرانا چاہتا ہے تو اسے مزید مراعات دینا ہوں گی۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ یورپی یونین کے امور خارجہ کی انچارج کے خط اور اس کے مندرجات کے بارے میں شائع ہونے والی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔