ایران کی جانب سے استنبول دہشت گردانہ حملے کی مذمت
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ نے ترکی کے شہر استنبول کے اتاترک ہوائی اڈے پر دہشت گردانہ حملے کی مذمت کی ہے۔
فارس نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے اپنے ٹوئٹر پیج پر استبول حملے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی ایک عالمی خطرہ ہے اور سب کو اس کا مقابلہ کرنا چاہیے۔
انھوں نے استنبول کے اتاترک ہوائی اڈے پر دہشت گردانہ حملے کو دہشت گردی کی مکروہ شکل کا نمونہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایران کے دوست اور ہمسایہ ملک کے ہوائی اڈے پر دہشت گردی کا مکروہ چہرہ ایک بار پھر عیاں ہو گیا۔
ایرانی وزیر خارجہ نے اس بات پر زور دیا کہ انتہا پسندانہ تشدد ایک عالمی خطرہ ہے اور سب کو اس کا مقابلہ کرنا چاہیے۔
مختلف میڈیا رپورٹوں کے مطابق اتاترک ہوائی اڈے پر ہونے والے دہشت گردانہ حملے میں چھتیس افراد جاں بحق اور ایک سو چالیس سے زائد زخمی ہوئے ہیں جبکہ بعض ذرائع نے مرنے والوں کی تعداد پچاس سے زائد بتائی ہے۔
ترکی کی پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی شواہد سے ظاہر ہوتا ہے کہ اس دہشت گردانہ حملے میں دہشت گرد گروہ داعش کا ہاتھ ہو سکتا ہے۔