عالمی یوم القدس کی مناسبت سے ایرانی وزارت خارجہ کی اپیل
-
ایران کی بہت سی اہم شخصیات اور اداروں نے عالمی یوم القدس کے جلوسوں میں وسیع پیمانے پر شرکت کرنے کی اپیل کی ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ نے دنیا کے تمام حریت پسند لوگوں خصوصا ملت ایران سے عالمی یوم القدس کے جلوسوں اور ریلیوں میں بھرپور شرکت کرنے کی اپیل کی ہے۔
ایرانی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں عالمی یوم القدس کی جانب اشارہ کرتے ہوئے دنیا کے حریت پسند لوگوں خصوصا ملت ایران سے اپیل کی ہے کہ وہ یوم القدس کے جلوسوں اور ریلیوں میں بھرپور شرکت کر کے فلسطینی کاز، قدس شریف اور صیہونی غاصبوں کے خلاف جائز اور شجاعانہ جدوجہد کی حمایت کا اعلان کریں۔
ایرانی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں اس بات پر زور دیا ہے کہ صیہونی حکومت کے مقابل استقامت و یکجہتی کے سلسلے میں ملت فلسطین اور فلسطینی جہادی گروہوں کی حمایت، اس غاصب حکومت کی ناجائز اور غلط نیتوں اور تشخص کو برملا کرنا اور اسلامی اور عرب ملکوں کے امن اور سلامتی کو درہم برہم کرنے کے لیے صیہونیوں کا تکفیری دہشت گرد گروہوں کو استعمال کرنا، ایسی اہم باتیں اور حقائق ہیں کہ جن پر اس سال عالمی یوم القدس کے موقع پر توجہ دینی چاہیے۔
صدر مملکت اور تشخیص مصلحت نظام کونسل کے سربراہ سمیت ایران کی بہت سی اہم شخصیات اور اداروں نے بھی عالمی یوم القدس کے جلوسوں میں وسیع پیمانے پر شرکت کرنے کی اپیل کی ہے۔