Jul ۱۲, ۲۰۱۶ ۱۷:۲۱ Asia/Tehran
  • ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر سے بلغاریہ کے وزیر ا‏عظم کی ملاقات

اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی نے دنیا کے تقریبا سبھی ملکوں کے ساتھ تعلقات کے فروغ کو اسلامی جمہوریہ ایران کی بنیادی پالیسی قرار دیا ہے۔

بلغاریہ کے وزیر اعظم بویکو بوریسوف نے منگل کو تہران میں ڈاکٹر علی لاریجانی سے ملاقات کی ۔ ڈاکٹر علی لاریجانی نے اس ملاقات میں بلغاریہ کے ساتھ تمام شعبوں میں تعلقات کے فروغ میں ایران کی دلچسپی کا اعلان کیا ۔ انھوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران دنیا کے تقریبا سبھی ملکوں سے تعلقات کے فروغ کو اہمیت دیتا ہے اور بلغاریہ بھی اس سے مستثنی نہیں ہے۔

ڈاکٹر علی لاریجانی نے مزید کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران، یورپ کے توانائی کے شعبے میں پائیدار سلامتی کو یقینی بناسکتا ہے لیکن اس کے لئے کچھ شرائط ہیں جن پر یورپ کو توجہ دینی ہوگی۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی نے دہشت گردی کو پوری دنیا کے لئے خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کوئی سادہ مسئلہ نہیں ہے ۔ انھوں نے کہا کہ اس کو چند ہوائی حملوں سے ختم نہیں کیا جاسکتا ۔ ڈاکٹرعلی لاریجانی نے کہا کہ دہشت گردی کے مسئلے سے نمٹنے کے لئے بین الاقوامی تعاون کی ضرورت ہے۔

بلغاریہ کے وزیر ا‏عظم بویکو بوریسوف نے بھی اس ملاقات میں ایران کے ساتھ تجارتی تعلقات کے فروغ پر مبنی یورپ کی خواہش کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ بلغاریہ، ایران اور یورپ کے تجارتی اور اقتصادی روابط کے فروغ میں موثر کردار ادا کرسکتا ہے۔

بلغاریہ کے وزیر اعظم نے دہشت گردی کو ایک اہم عالمی بحران قرار دیا اور کہا کہ کوئی بھی مذہب دہشت گرد گروہوں کی حمایت نہیں کرتا لیکن بعض بڑی طاقتیں دہشت گردوں کی حمایت کرتی ہیں ۔

بلغاریہ کے وزیر ا‏عظم بویکو بوریسوف ایک اعلی سطحی سیاسی، اقتصادی اور تجارتی وفد کے ہمراہ ایران کے سرکاری دورے پر اتوار کی شام تہران پہنچے ہیں۔

ٹیگس