Nov ۱۲, ۲۰۱۶ ۱۰:۰۵ Asia/Tehran
  • بہرام قاسمی نے افغانستان میں اس قسم کے دہشت گردانہ حملوں کا مقصد، اغیار کی موجودگی میں اضافہ کرنا قرار دیا۔
    بہرام قاسمی نے افغانستان میں اس قسم کے دہشت گردانہ حملوں کا مقصد، اغیار کی موجودگی میں اضافہ کرنا قرار دیا۔

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے افغانستان کے شہر مزار شریف میں جرمن قونصل خانے کے قریب ہونے والے دہشت گردانہ بم دھماکے کی شدید مذمت کی ہے۔

ایران کے دفتر خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے مزارشریف میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف مہم کے لئے عالمی مفاہمت کی ماضی سے کہیں زیادہ ضرورت ہے۔

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے ایک بیان میں ہلاک ہونے والوں کے لواحقین سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان میں سفارتی مقامات اور علاقوں میں ہونے والے دہشت گردانہ حملوں سے اس بات کا پتہ چلتا ہے کہ دہشت گرد گروہ، افغان قوم کے دشمنوں سے ملے ہوئے ہیں۔ انھوں نے تکفیری دہشت گرد گروہوں کے مقابلے میں عالمی برادری کی جانب سے مکمل ذمہ داری کا مظاہرہ کئے جانے کی ضرورت پر بھی تاکید کی۔

بہرام قاسمی نے افغانستان میں اس قسم کے دہشت گردانہ حملوں کا مقصد، اغیار کی موجودگی میں اضافہ کرنا قرار دیا اور افغانستان سمیت دنیا کے تمام ملکوں میں سفارتی مقامات اور علاقوں کو مکمل تحفظ فراہم کئے جانے کی ضرورت پر زور دیا۔ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے اس جانب اشارہ کرتے ہوئے کہ دہشت گردی کا کوئی مذہب نہیں ہوتا، کہا کہ مزار شریف میں سترہ برس قبل سب سے پہلے ایران کے قونصل خانے کو دہشت گردانہ حملے کا نشانہ بنایا گیا جس میں ایران کے سفارت کاروں، نامہ نگاروں اور کارکنوں کی ایک تعداد شہید ہو گئی تھی۔

ٹیگس