Nov ۲۲, ۲۰۱۶ ۱۹:۳۹ Asia/Tehran
  • ایران نے جامع ایٹمی معاہدے کی مکمل پابندی کی ہے، اسپیکر علی لاریجانی

اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی نے مقابل فریقوں کی جانب سے جامع ایٹمی معاہدے پر مکمل عملدرآمد کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

منگل کے روز پارلیمنٹ کے کھلے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسپیکر نے کہا کہ جوہری توانائی کی عالمی ایجنسی آئی اے ای اے نے تیرہ مرتبہ صراحت کے ساتھ اعلان کیا ہے کہ ایران نے جامع ایٹمی معاہدے کے تحت اپنے تمام وعدے پورے کر دیئے ہیں۔
انہوں نے بعض امریکی دھڑوں کے مخاصمانہ اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایران اپنے جوابی اقدامات کے ذریعے امریکہ کے ہوش ٹھکانے لگا دے گا۔
قبل ازیں ارکان پارلیمنٹ نے پریذائیڈنگ کمیٹی کے پاس ایک مشترکہ بیان بحث کے لیے جمع کرایا ہے جس میں حکومت ایران سے کہا گیا ہے کہ وہ جامع ایٹمی معاہدے کے بارے میں پارلیمنٹ کے منظور کردہ بل کے تحت امریکہ کے خلاف جوابی اقدامات عمل میں لائے۔
ایران کے ارکان پارلیمنٹ کے بیان میں پرامن ایٹمی پروگرام اور قومی عزت و وقار کے تحفظ پر بھی زور دیا گیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ امریکی ایوان نمائندگان نے حالیہ صدارتی انتخابات میں ڈونلڈ ٹرمپ کی کامیابی کے بعد ایران کے خلاف عائد پابندیوں میں مزید دس سال کی توسیع کر دی ہے۔ امریکی ایوان نمائندگان نے ایران کو مسافر بردار طیاروں کی فروخت روکنے سے متعلق بھی ایک بل منظور کیا ہے۔

 

ٹیگس