تہران کی مرکزی نماز جمعہ کے خطبے
تہران کے خطیب جمعہ نے عراق کے شہر حلّہ میں زائرین پر دہشت گردانہ حملے کی مذمت کی ہے۔
تہران کے خطیب نماز جمعہ حجت الاسلام کاظم صدیقی نے نماز کے خطبے میں عراقی شہر حلّہ میں شہید ہونے والے زائرین کے اہل خانہ کو تعزیت پیش کرتے ہوئے کہا کہ امام حسین علیہ السلام کی راہ میں شہادت، زائرین کے لئے ایک افتخار اور اعزاز ہے- تہران کے خطیب جمعہ نے اربعین حسینی میں تاریخی اجتماع کو ایک عظیم سرمایہ، عقیدت مندوں کی خودجوش تحریک اور مسلمانوں کے درمیان اتحاد کا مرکز قراردیا اور کہا کہ اس عظیم الشان پروگرام میں زائرین کی پرشکوہ شرکت عالم اسلام کے خلاف دشمنوں کی سازشوں اور دھمکیوں کو غیرموثر بنانے میں اہم کردار کی حامل ہے-
تہران کے خطیب جمعہ نے عراقی عوام اور حکومت کی جانب سے زائرین کی بے مثال مہمان نوازی کرنے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے قانون نافذ کرنے والے اور سیکورٹی اداروں نے بھی ایرانی اور حتی غیر ملکی زائرین کی سیکورٹی کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے-
انہوں نے علاقے کے ملکوں میں امریکا کی فوجی مداخلتوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے امریکا کی آئندہ حکومت کو نصیحت کی کہ علاقے میں جنگ کی آگ بھڑکانے اور اس کے لئے کروڑوں ڈالر خرچ کرنے کے بجائے امریکی عوام کی معاشی مشکلات کو حل کرنے پر توجہ دے-
تہران کے خطیب جمعہ نے ایران کے خلاف ڈومیٹو نامی پابندیوں کی مدت میں مزید دس سال توسیع کر دئے جانے کے امریکی فیصلے کو ایٹمی معاہدے کی خلاف ورزی قرار دیا اور کہا کہ جیسا کہ رہبرانقلاب اسلامی نے فرمایا ہے کہ اگر ان پابندیوں پر عمل کیا گیا تو اسلامی جمہوریہ ایران بھی یقینی طور پر اس کا بھرپور جواب دے گا -
تہران کے خطیب جمعہ نے بحرین میں عزاداری کے پروگراموں اور رسومات پر آل خلیفہ حکومت کے ذریعے عائد کی جانے والی غیرقانونی پابندیوں کی مذمت کرتے ہوئے بحرینی حکومت کے غیرانسانی اقدامات پر بین الاقوامی اداروں اور انسانی حقوق کی تنظیموں کی خاموشی پر شدید تنقید کی-
انہوں نے اہل بیت عصمت و طہارت سے اظہار عقیدت کرنے کی بنا پر نائیجیریا کی اسلامی تحریک کے سربراہ آیت اللہ شیخ ابراہیم زکزکی کی گرفتاری اور امام بارگاہوں پر حملوں کی بھی مذمت کی۔