ایران میں ہیلی کاپٹر حادثہ، پانچ افراد جاں بحق
اسلامی جمہوریہ ایران کی تیل تلاش کرنے والی قومی کمپنی کا ایک ہیلی کاپٹر بحیرہ خزر میں گر گیا جس کے نتیجے میں اس میں سوار تمام پانچ افراد جاں بحق ہو گئے۔
ایران کے شمالی صوبے مازندران کی ہلال احمر سوسائٹی کے سربراہ مجتبی اکبری نے کہا ہے کہ ایران کی تیل تلاش کرنے والی قومی کمپنی کا یہ ہیلی کاپٹر امیرآباد بندرگاہ سے بیس کلومیٹر دور سمندر میں گرا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس ہیلی کاپٹر میں پانچ افراد سوار تھے اور یہ بحیرہ خزر میں واقع ایران کے آئل ٹرمینل میں ہارٹ اٹیک کے ایک مریض کو اسپتال منتقل کرنے کو لینے کے لئے گیا تھا کہ واپسی پر ٹرمینل سے آدھے میل کے فاصلے پر گر کر تباہ ہو گیا۔ اس ہیلی کاپٹر میں سوار تمام پانچ افراد کی لاشیں مل گئی ہیں۔صوبائی حکام کا کہنا ہے کہ ہیلی کاپٹر حادثے کی وجہ تکنیکی خرابی بتائی گئی ہے لیکن ابھی تک ہیلی کاپٹر کا بلیک باکس نہیں ملا ہے۔