ایران جامع ایٹمی معاہدے کی خلاف ورزیوں کو ہر گز نظر انداز نہیں کرے گا: ڈاکٹر لاریجانی
ایران کی پارلیمنٹ مجلس شورائے اسلامی کے سربراہ ڈاکٹر علی لاریجانی نے جامع ایٹمی معاہدے کی ممکنہ خلاف ورزیوں کی بابت سخت خبردار کیا ہے۔
چین کے فونکس ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے ڈاکٹر علی لاریجانی نے کہا کہ ایران جامع ایٹمی معاہدے کی خلاف ورزیوں کو ہر گز نظر انداز نہیں کرے گا۔ انہوں نے ایران کے خلاف امریکی پابندیوں میں مجوزہ توسیع کو جامع ایٹمی معاہدے کی خلاف وزری قرار دیتے ہوئے کہا کہ جامع ایٹمی معاہدہ دو طرفہ نہیں بلکہ ایک بین الاقوامی معاہدہ جس پر چین سمیت دنیا کے چھے ممالک نے دستخط کیے ہیں۔
اسپیکر علی لاریجانی نے یہ بات زور دے کر کہی کہ ایران کی پارلیمنٹ نے ایک بل منظور کیا ہے جس کی رو سے، جامع ایٹمی معاہدے کی خلاف ورزی کی صورت میں اسلامی جمہوریہ ایران بھی مناسب جواب دینے کا فیصلہ کرے گا۔
مجلس شوارئے اسلامی کے سربراہ نے واضح کیا کہ ایران نے جامع ایٹمی معاہدے پر مکمل طور سے عمل کیا ہے لیکن اگر فریق مقابل نے اپنا راستہ بدلا تو ایران بھی اسی حساب سے اپنا راستہ تبدیل کرلے گا۔