Dec ۰۵, ۲۰۱۶ ۱۷:۲۰ Asia/Tehran
  • توانائی کے شعبے میں ایران اور افغانستان کے درمیان معاہدہ

افغانستان کی قومی حکومت کے چیف ایگزیکٹو کے دفتر نے ایک ایرانی کمپنی کے ساتھ افغانستان کے قدرتی ذخائر میں سرمایہ کاری، بجلی کی منتقلی اور تھرمل بجلی گھروں کی تعمیر کے معاہدے پر دستخط کی خبر دی ہے۔

ایران کے ریڈیو دری کی رپورٹ کے مطابق افغانستان کی قومی حکومت کے چیف ایگزیکٹو کے دفتر نے پیر کے روز اعلان کیا ہے کہ ایران کی غدیر کمپنی افغانستان میں بجلی کے ہیوی ٹرانسمیشن لائن کی تعمیر، بجلی کی مناسب قیمت پر پیداوار اور فراہمی اور تھرمل بجلی گھروں کی تعمیر کے منصوبے پر عمل درآمد کرے گی۔

افغانستان کے پانی و بجلی کے وزیر نے یہ بات بیان کرتے ہوئے کہ ایرانی کمپنی غدیر کے ایجنڈے میں صوبہ زابل میں بجلی کی فراہمی اور سرمایہ کاری کے لیے تکنیکی مطالعات بھی شامل ہیں، یقین دلایا کہ دارالحکومت کابل کی بجلی کی مشکلات بھی بہت جلد دور ہو جائیں گی۔

افغانستان کی قومی حکومت کے چیف ایگزیکٹو عبداللہ عبداللہ نے بھی اس بارے میں کہا کہ ایرانی کمپنی کے ساتھ یہ معاہدہ افغانستان خاص طور پر مغربی صوبوں میں صنعتی ترقی میں مدد دے گا۔اس سے قبل افغانستان کی پانی و بجلی کی وزارت نے آئندہ چار سال تک بجلی کی پیداوار میں خودکفیل ہونے کی خبر دی تھی۔

ٹیگس