Dec ۰۹, ۲۰۱۶ ۱۳:۱۹ Asia/Tehran
  • مسلمانوں کی صفوں میں اتحاد و یکجہتی کی ضرورت پر جامعہ مدرسین کی تاکید

اسلامی جمہوریہ ایران کے دینی مدارس کے اساتذہ کی انجمن جامعہ مدرسین کے اجلاس کے اختتامی بیان میں اسلامی تعلیمات کی پیروی کرتے ہوئے مسلمانوں کی صفوں میں اتحاد و یکجہتی کی ضرورت پر تاکید کی گئی ہے۔

ایران کے دینی مدارس کے اساتذہ کی انجمن جامعہ مدرسین نے قم میں اپنے اجلاس کے اختتامی بیان میں عالمی سامراج اور اس کے سعودی عرب جیسے ایجنٹوں نیز تکفیریوں کی جانب سے مسلم امہ میں اختلاف و تفرقہ ڈالنے کی کوششوں کی مذمت کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا ہے کہ علمائے اسلام کے درمیان تعاون و یکجہتی ، اغیار کے ایجنٹوں سے بیزاری اور گمراہ کن مسائل اٹھانے سے اجتناب ہی دشنموں کی سازشوں کا مقابلہ کرنے کا واحد راستہ ہے- 

اساتذہ کی انجمن کے اجلاس کے اختتامی بیان میں خاص طور سے سوشل میڈیا اور ذرائع ابلاغ میں سامراج کی سیاسی و تشہیراتی مہم اور ثقافتی یلغار کو ایک ناقابل انکار حقیقت قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ دینی مدارس ، اسلامی تمدن اور دینی اقدار کے تحفظ کے مرکز کی حیثیت سے دشمن کی اس وسیع یلغار کا مقابلہ کریں گے- جامعہ مدرسین کے بیان میں امریکیوں کی جانب سے مشترکہ جامع ایکشن پلان کے سلسلے میں بار بار کی خلاف ورزیوں اور وعدہ خلافیوں کو عالمی سامراج کے کینے و دشمنی کا نتیجہ قرار دیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ امریکہ کو جان لینا چاہئے کہ ایران کی جانب سے مشترکہ جامع ایکشن پلان کی کھلی خلاف ورزیوں کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا-

اس بیان میں سعودی عرب کی جانب سے یمن کے خلاف بڑے پیمانے پر جارحیتوں اور سعودی عرب و بحرین ، کے شیعوں کے قتل عام کا سلسلہ جاری رکھے جانے، علاقے میں تکفیریت، وہابیت اور دہشت گردی پھیلانے اور بدامنی پیدا کرنے کی مذمت کرتے ہوئے امت مسلمہ سے دین اسلام کے خلاف وہابیت کے گمراہ کن اور جعلی افکار و نظریات اور جرائم کو روکنے کا مطالبہ کیا گیا ہے-

جامعہ مدرسین کا دسواں ملک گیر اجلاس بدھ اور جمعرات کو شہر قم میں منعقد ہوا- اس اجلاس کا مقصد انقلابی دینی مدارس کے اصول و ضوابط اور طریقہ کار پر تبادلہ خیال کرنا تھا-

ٹیگس