ایران اور انڈونیشیا کے صدور کی مشترکہ پریس کانفرنس
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے ایران اور انڈونیشیا کے درمیان تعلقات کے فروغ کو دونوں ملکوں کے عوام اور علاقے کے لئے سود مند قرار دیا۔
ایران اور انڈونیشیا کے درمیان تعاون کے چار سمجھوتوں پر دستخط کئے جانے کے بعد اپنے ہم منصب جوکو ویدودو کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صدرمملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ تہران اور جکارتا سیاسی، اقتصادی، ثقافتی اور سائنسی میدانوں میں باہمی تعاون کی سطح بڑھانے کا پختہ ارادہ رکھتے ہیں۔
صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے مشرقی اور مغربی ایشیا کے دو اہم ملکوں کی حیثیت سے ایران اور انڈویشیا کے درمیان تعلقات کے فروغ کو انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کو تیزی کے ساتھ فروغ دیئے جانے کی ضرورت پر زور دیا۔
صدر ایران نے تہران اور جکارتا کے درمیان اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے کی غرض سے دونوں ملکوں کے درمیان بینکاری تعاون کے سمجھوتوں پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کی ضرورت پر بھی تاکید کی۔
انہوں نے کہا کہ توانائی کے شعبے میں ایران اور انڈونیشیا کے درمیان تعاون، اسٹریٹیجک ہے اور تہران، خام تیل، قدرتی گیس اور پیٹروکیمیکل سمیت جکارتا کی توانائی کی ضروریات پوری کرتا رہے گا۔
انڈونیشیا کے صدر جوکو ویدودو نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اپنے دورہ ایران کو دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کے نئے باب کا آغاز قرار دیا۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ انڈونیشیا اور ایران کے درمیان تمام شعبوں، خاص طور سے توانائی اور معیشت کے میدان میں تعلقات تیزی کے ساتھ فروغ پائیں گے۔
صدر ویدودو نے کہا کہ انہوں نے اپنے ایرانی ہم منصب کے ساتھ ملاقات میں میانمار، یمن، شام اور اسلامی دنیا سے تعلق رکھنے والے دیگر معاملات کے بارے میں تبادلہ خیال کیا اور ان ملک کا مذکورہ معاملات میں امن پسندانہ کردار ادا کرنے کے لئے تیار ہے۔
قبل ازیں ایران اور انڈونیشیا کی مشترکہ اقتصادی کانفرنس کے دوران دونوں ملکوں کے نجی شعبے کے درمیان تعاون کی دس یادداشتوں اور سمجھوتوں پر دستخط کئے گئے۔ ان سمجھوتوں اور یادداشتوں کے تحت ایران اور انڈونیشیا نے باہمی تجارتی لین دین کو دو ارب ڈالر تک لے جانے کا ہدف مقرر کیا۔
ایک معاہدے کے تحت ایران اور انڈونیشیا کے مشترکہ ایوان تجارت کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔ دونوں ممالک نے بینکاری، انشورنس اور اسٹاک مارکیٹ کے شعبوں میں بھی ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا۔
اس سے قبل جب انڈونیشیا کے صدر جوکو ویدودو، سعدآباد کمپلکس پہنچے تو صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے ان کا باضابطہ استقبال کیا۔ اس موقع پر دونوں ملکوں کے قومی ترانے بجائے گئے اور ایران کی مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے معزز مہمان کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔
استقبالیہ تقریب کے اختتام پر صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی اور صدر جوکو ویدودو کے درمیان باضابطہ مذاکرات کا آغاز ہوا جس میں ایران اور انڈونیشیا کے درمیان تمام شعبوں میں تعلقات کے فروغ کی راہوں کا جائزہ لیا گیا۔
قابل ذکر ہے کہ انڈونیشیا کے صدر جوکو ویدودو، ایک اعلی سطحی وفد کے ہمراہ منگل کی شام سرکاری دورے پر تہران پہنچے تھے۔