علاقے کے ممالک کے ساتھ ایران کے ایٹمی تعاون میں فروغ
ایران کے ایٹمی توانائی کے ادارے کے ترجمان نے کہا ہے کہ ایٹمی موضوع، اس جدید ٹیکنالوجی سے پرامن استفادے سے متعلق ایران اور علاقے کے ملکوں کے درمیان تعاون کا محور قرار پا سکتا ہے۔
ایران کے ایٹمی توانائی کے ادارے کے ترجمان بہروز کمالوندی نے پیر کے روز العالم نیوز چینل سے گفتگو میں اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ ایران، علاقے میں جوہری تعاون کی توسیع کا خواہاں ہے، کہا کہ علاقے کی ترقی کے لئے علاقائی تعاون کی ضرورت ہے۔
ایران کے ایٹمی توانائی کے ادارے کے ترجمان نے کہا کہ جوہری شعبے میں ایران کے دو طرفہ اور علاقائی تعاون کے مسئلے کو وزارت خارجہ کے ذریعے آگے بڑھانے کی کوشش کی جا رہی ہے، اور ایران نے اس سلسلے میں اپنی آمادگی کا اعلان کیا ہے۔
بہروز کمالوندی نے کہا کہ ایران جوہری شعبے میں اب تک جاپان، جنوبی کوریا، روس ، چین اور یورپ میں سوئیزرلینڈ،سویڈن، پولینڈ، ہنگری اور اسپین کے ساتھ خوشگوار تعاون کرتا آیا ہے اور بعض ممالک نے تعاون کے سمجھوتے پر دستخط کئے ہیں اور بعض ممالک ان سمجھتوں پر دستخط کرنا چاہتے ہیں۔
ایران کے ایٹمی توانائی کے ادارے کے ترجمان نے آئی اے ای اے کے ساتھ ایران کے تعلقات کے بارے میں بھی کہا کہ ایٹمی توانائی کی بین الاقوامی ایجنسی نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ایران اپنے معاہدے پر کاربند رہا ہے۔