Jan ۰۲, ۲۰۱۷ ۱۷:۴۰ Asia/Tehran
  • رہبر انقلاب اسلامی کی اعلی انقلابی و معنوی اہداف کے ساتھ علمی ترقی پر تاکید

رہبر انقلاب اسلامی نے اعلی معنوی و انقلابی اہداف کے ساتھ علمی و سائنسی پیشرفت کی ضرورت پر تاکید کی ہے۔

رہبرانقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے تاکید کے ساتھ فرمایا ہے کہ اعلی انقلابی اور معنوی اہداف کے ساتھ کسی ملک اور قوم کی علمی و سائنسی ترقی و پیشرفت علاقے، عالم اسلام اور دنیا کے لئے آئیڈیل بننے کی زمین ہموار کرسکتی ہے-  رہبرانقلاب اسلامی نے پیرکو شریف ٹیکنیکل یونیورسٹی کے میڈل یافتہ طالبعلوں ، اساتذہ اور برجستہ و ممتاز علمی شخصیات سے ملاقات میں فرمایا کہ بے پناہ مادی ترقی کے باوجود مغربی تہذیب و تمدن کی بنیادوں کی کمزوریوں، نقائص اور خلا کی وجہ، الہی مقاصد اور معنویت کا فقدان ہے-

رہبرانقلاب اسلامی نے فرمایا کہ بعض امریکی مفکرین اور دانشور، مغربی معاشروں خاص طور سے امریکہ میں موجود طرح طرح کے علمی ، فکری اور اخلاقی انحرافات ، خاندانوں کا شیرازہ بکھرنے ، بڑھتے ہوئے تشدد ، اخلاقی برائیوں اور خود کشیوں کا کھل کر اعتراف کرتے ہیں- آپ نے امریکی معاشرے میں ہتھیاروں سے ہونے والے قتل اور بڑھتے ہوئے تشدد  کی جانب اشارہ کرتے ہوئے یاد دہانی کرائی کہ امریکہ میں انسان کشی اور اسلحے کا چلن ایک  سنگین مسئلہ بن چکا ہے کہ جس کا حل صرف یہ ہے کہ عوام کے درمیان اسلحے کا استعمال روکا جائے لیکن امریکہ میں اسلحہ ساز کمپنیوں کے مافیا کے تسلط کی وجہ سے اس ملک کی حکومت بھی اسلحے کے استعمال کو غیر قانونی قرار دینے کی جرات نہیں رکھتی ہے-

رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے اس بات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہ  استقامتی اقتصاد سے استفادے کے طریقہ کار کا انحصار ممالک کے اہداف پر ہے فرمایا کہ  اس بات میں کوئی شک نہیں کہ استقامتی معیشت ایران کو اس کا برا چاہنے والوں یا برا نہ چاہنے والوں سے قطع نظر مختلف عالمی مشکلات اور نقصانات سے محفوظ رکھے گی - آپ نے گذشتہ ڈیڑہ سو برسوں کے دوران امریکہ کی سائنسی و صنعتی ترقی کا سببب استقامتی معیشت سے استفادے کو قرار دیا اور فرمایا کہ البتہ امریکیوں نے اس نظریے کو مادیت اور پیسے کے لئے استعمال کیا لیکن دنیا کے لئے قابل قبول اسی تجربے کو مزید اعلی اہداف کے لئے استعامل کیا جا سکتا ہے-

رہبر انقلاب اسلامی نے تاکید فرمائی کہ علمی و سائنسی پروڈکشن اور پیداوار کا نظریہ وسیع ہونے اور اس کے علمی نتائج ظاہر ہونے کے پیش نظر ایران میں علمی تحریک اور جدوجہد ہرگز نہیں رکنی چاہئے بلکہ اسے مزید تیزی سے جاری رہنا چاہئے-

ٹیگس