آیت اللہ ہاشمی رفسنجانی کی نماز جنازہ اور آخری رسومات
ایران کی تشخیص مصلحت نظام کونسل کے سربراہ آیت اللہ ہاشمی رفسنجانی کی نمازہ جنازہ رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کی امامت میں ادا کی گئی جس میں لاکھوں سوگواروں اور ملک کی سبھی اہم سیاسی اور فوجی شخصیات نے شرکت کی-
آیت اللہ ہاشمی رفسنجانی کی نماز جنازہ میں صدر مملکت، پارلیمنٹ کے اسپیکر، عدلیہ کے سربراہ، پارلیمنٹ کے ارکان، کابینہ کے وزرا، فوجی عہدیداروں اور سبھی صوبوں کے گورنروں، مذہبی شخصیتوں، علما و اکابرین اور ملک کے گوشہ و کنار سے آئے ہوئے لاکھوں سوگواروں نے شرکت کی اور رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کی امامت میں نماز ادا کی- نمازجنازہ کے بعد ایران کے قدرشناس اور انقلابی عوام نے امام خمینی رح اور رہبر انقلاب اسلامی کے دیرینہ یاور و مددگار آیت اللہ ہاشمی رفسنجانی کو انتہائی جذباتی انداز میں الوداع کیا- تہران یونیورسٹی میں نماز جنازہ کے بعد آیت اللہ ہاشمی رفسنجانی کے جسد خاکی کو لاکھوں کی تعداد میں سوگواروں کی موجودگی میں بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی رح کے حرم منتقل کیا گیا جہاں ضریح کے اندر انہیں سپرد خاک کر دیا گیا- اس موقع پر ہر آنکھ اشکبار تھی اور جذباتی طریقے سے انہیں رخصت کیا- تشخیص مصلحت نظام کونسل کے سربراہ آیت اللہ ہاشمی رفسنجانی اتوار کی رات دل کا عارضہ لاحق ہونے کی بنا پر انتقال کر گئے تھے- ان کی رحلت پر پورا ایران سوگوار ہے- ملک میں تین روز کے عام سوگ کا اعلان کیا گیا ہے جبکہ منگل کو عام تعطیل رہی-