بالیووڈ: معروف اداکار سنجے خان کی اہلیہ زرین خان پارسی تھیں تو ان کی آخری رسومات ہندو طریقے سے کیوں؟
ہندوستان کے معروف فلم اداکار سنجے خان کی اہلیہ اور اداکار زائد خان کی ماں زرین خان کا 7 نومبر کو ممبئی میں انتقال ہوگیا جن کی آخری رسومات ہندو رسم و رواج کے مطابق ادا کی گئیں۔
سحرنیوز/ہندوستان: ذرائع ابلاغ کے مطابق بالیووڈ کے معروف اداکار سنجے خان کی اہلیہ اور اداکار زائد خان کی ماں زرین خان کا 81 سال کی عمر میں 7 نومبر کو انتقال ہوگیا، ان کی آخری رسومات ہندو رسم و رواج کے مطابق ادا کی گئیں۔ سنجے خان مسلمان ہیں اور ان کا اصل نام عباس خان ہے، معروف سینیئر ہدایت کار و فلم ساز اور ادکار فیروز خان ان کے بڑے بھائی تھے۔
اطلاعات کے مطابق جب زرین خان کی ارتھی (جنازہ) گھر سے نکلی اور اس کو آگ کے سپرد کیا گيا تو لوگ حیران رہ گئے اور ان کے ذہنوں میں یہ سوال پیدا ہوا کہ کیا زرین خان ہندو تھیں جو ان کی آخری رسومات ہندو طریقے سے ادا کی گئیں؟
شروع میں سوشل میڈیا میں یہ بات سامنے آئی کہ زرین خان شادی سے پہلے ہندو تھیں اور شادی کے بعد بھی ہندو ہی رہیں لٰہذا ان کو دفنایا نہیں گیا، آگ کے سُپرد کیا گیا لیکن اس موضوع پر بحث کا سلسلہ جاری رہا اور اب سوشل میڈیا میں اس بات کا انکشاف ہوا ہے کہ زرین خان پارسی تھیں۔ بتایا جاتا ہے کہ اب بعض پارسی جنازے کو دفنانے لگے ہیں یا جلانے لگے ہیں تو زریں خان کی آخری رسومات بھی ہندو مذہب کے طریقے سے ادا کی گئیں۔
مذکورہ باتیں سوشل میڈیا میں سامنے آئی ہیں لیکن خود سنجے خان یا ان کے اہل خاندان کی طرف سے اس سلسلے میں کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا ہے لٰہذا ابھی یہ بات مصدقہ طور پر نہیں کہی جاسکتی کہ زرین خان کی آخری رسومات ہندو طور طریقے سے کیوں ادا کی گئیں؟