Jan ۳۱, ۲۰۲۴ ۱۶:۰۳ Asia/Tehran
  • ہندوستان: دُلہن حاضر دُولہا غائب، سرکاری خرچے پر بغیر دُولہوں کے اجتماعی شادیاں، دلہنوں نے شادی کا ہار بھی خود ہی اپنے گلے میں ڈالا+ ویڈیو

ہندوستان کی ریاست اترپردیش میں سرکاری خرچے پر اجتماعی شادیاں ہونے کی خبر سامنے آئی ہے لیکن یہ شادیاں بغیر دولہوں کے ہی انجام پائی ہیں اور دلہنوں نے شادی کا ہار بھی خود ہی اپنے گلے ڈال لیا۔

سحر نیوز/ ہندوستان: میڈیا رپورٹوں کے مطابق اترپردیش کے ضلع بلیا میں "وزیر اعلیٰ اجتماعی شادی اسکیم" کے تحت ہونے والی اجتماعی شادیوں میں ایک بڑی دھاندلی سامنے آئی ہے۔

میڈیا رپورٹوں کے مطابق ضلع بلیا میں گزشتہ 25 جنوری کو 568 جوڑوں کی اجتماعی شادیاں ہوئی تھیں لیکن ان میں بڑی تعداد میں دلہنوں کی شادی دولہوں کے بغیر ہی کرا دی گئی۔ اس کا ویڈیو بھی سامنے آیا ہے جس میں کچھ دلہنیں خود اپنے ہی ہاتھوں سے "ورمالا" پہنتی ہوئی نظر آ رہی ہیں۔ ور مالا پھولوں کا ایک ہار ہوتا ہے جسے دولہا دلہن ایک دوسرے کو پہناتے ہیں۔ یہ ہندوؤں کی رسم ہے جو شادی کی لازمی رسموں میں سے ایک ہے۔

"وزیر اعلیٰ اجتماعی شادی اسکیم" کے تحت ریاستی حکومت 51 ہزار روپے دیتی ہے اور ہر ضلع میں اس اسکیم کے تحت شادیا ہوتی ہیں۔ اسی سلسلے میں بلیا ضلع میں بھی 568 جوڑوں کی شادیاں انجام پائیں لیکن ان شادیوں میں زبردست پیرا پھیری کی بات سامنے آئی ہے۔ اس اسکیم کے تحت سینکڑوں دلہنوں کی شادی بغیر دولہوں کے ہی کروا دی گئی۔

اس سلسلے میں تحقیقات سے پتہ چلا کہ ان میں سے بہت سی لڑکیاں تو گھومنے پھرنے کے لیے آئی تھیں، جنہیں پیسے کا لالچ دے کر اجتماعی شادی اسکیم میں فرضی دلہن بنا کر بٹھا دیا گیا تاکہ کاغذات میں ان کی گنتی ہو جائے اور حکومت کی جانب سے پیسے مل جائیں۔

اس معاملے میں ایف آئی آر درج کرائی گئی ہے اور انتظامیہ نے مکمل تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔

 

ٹیگس