تہران کے ایک بڑے تجارتی مرکز میں شدید آتشزدگی، پوری عمارت تباہ
تہران کے مرکزی علاقے میں پلاسکو تجارتی مرکز شدید آتشزدگی کے نتیجے میں پوری طرح زمین بوس ہوگیا ہے
تہران کے مرکز اور تجارتی علاقے میں واقع 15منزلہ پلاسکو تجارتی مرکز میں جمعرات کی صبح آگ لگ گئی - آگ کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ فائربریگیڈ کی دو سو سے زیادہ گاڑیوں، عملے کے افراد اور امدادی کارکنوں کی کوششوں کے باوجود آگ پر قابو نہیں پایا جاسکا اور چند گھنٹے تک آگ میں جھلسنے کے بعد پوری عمارت زمیں بوس ہوگئی - بتایا جاتا ہے کہ آگ لگنے کے فورا بعد ہی عمارت کو لوگوں سے خالی کرا لیا گیا - کہا جارہا ہے کہ آتشزدگی کے اس حادثے میں متعدد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جبکہ تیس افراد کے ملبے کے نیچے دبے ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے جو بیشتر فائر بریگیڈ کے عملے کے افراد اور امدادی کارکن ہیں - مقامی حکام کا کہنا ہے کہ مذکوہ تجارتی مرکز کے پاس واقع دو غیرملکی سفارتخانوں کو بھی خالی کرا لیا گیا ہے - پلاسکو تجارتی مرکز پوشاک اور ملبوسات کا ایک اہم مرکز شمارہوتا تھا یہ عمارت 54 سال پرانی تھی - مقامی حکام نے آتشزدگی کے حادثے میں ہرقسم کی تخریبی کارروائی کے امکان کو مسترد کردیا ہے -