مغربی کنارے سمیت غزہ کے مختلف حصوں پر صیہونی فوج اور صیہونی آبادکاروں کے حملے جاری
مغربی کنارے سمیت غزہ کے مختلف حصوں پر صیہونی فوج اور صیہونی آبادکاروں کے حملے جاری ہیں۔ ادھر فلسطینیوں کی حمایت میں دنیا کے مختلف علاقوں میں مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے
سحرنیوز/عالم اسلام: غزہ میں جنگ بندی کے آغاز کے بیالیسویں روز صیہونی فوج نے آج صبح توپ خانے کے حملے کئے اور دھماکہ خیز کارروائیوں سے غزہ کے متعدد علاقوں کو نشانہ بنایا۔
مغربی کنارے کے بھی مختلف علاقوں میں صیہونی فوج اور صیہونی آبادکاروں کے چھاپوں اور حملوں کا سلسلہ جاری ہے ۔
فلسطینی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ شمالی بیت المقدس کے قصبے کفر عقب پر اسرائیلی فوج کے حملے میں دو فلسطینی نوجوان شہید اور تین دیگر گولہ بارود کے دھماکے میں زخمی ہوگئے جن میں سے دو کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
مغربی کنارے میں واقع نابلس میں صہیونی آبادکاروں نے طاروجا کے علاقے پر دھاوا بول کر کئی کاروں اور مکانات کو آگ لگا دی اور مکینوں پر حملہ کیا۔دراین اثنا صیہونی فوجیوں نے کئی گھروں کی تلاشی لی اور آنسو گیس اور ہینڈ گرینیڈ فائر کیے جس سے وہاں کے باشندوں اور ان کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔
جارح صیہونی فوج نے اسی طرح فضائی حملے کرتے ہوئے مشرقی غزہ شہر میں آج صبح "یلو لائن" میں بڑے پیمانے پر دھماکہ خیز کارروائی کی اور متعدد مقامات کو نشانہ بنایا۔
مقامی فلسطینی میڈیا نے بھی وسطی غزہ میں واقع البریج کیمپ پر توپ خانے کے حملوں کی خبر دی ہے۔
صیہونی فوجی گاڑیوں نے بھی وسطی غزہ میں البریج اور المغازی کیمپوں میں رہائشیوں پر فائرنگ کی۔
الجزیرہ چینل کے مطابق غزہ شہر کے الزیتون محلے اور پٹی کے وسطی علاقوں میں صہیونی قیدیوں کی لاشوں کی تلاش کا آپریشن آج سے دوبارہ شروع کیا جائے گا۔
خیال رہے صیہونی حکومت کے فوجی آئے روز مغربی کنارے میں مقیم فلسطینیوں کے گھروں اور کھیتوں پر چھاپے مارتے ہیں اور اس علاقے میں فلسطینیوں اور قابض فوجیوں کے درمیان کشیدگی اور میدانی جھڑپوں کے ساتھ ساتھ محلوں پر چھاپوں اور صیہونی فوج کے ہاتھوں فلسطینیوں کی گرفتاریاں بھی جاری ہیں-
دوسری جانب فلسطینیوں کی حمایت میں دنیا کے مختلف علاقوں میں مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے اور اسی سلسلے میں کل رات نیویارک کے مین ہٹن میں ایک صیہونی عبادتگاہ کے سامنے ہونے والے ایک مظاہرے میں فلسطینی حامیوں نے جارح صیہونی حکومت کی نسل کشی کے خلاف بہت بڑا مظاہرہ کیا اور اسرائیلی فوج مردہ باد جیسے اسرائیل مخالف نعرے لگائے-
صیہونیوں کو امریکہ میں، صیہونی حکومت اور اس کے جرائم کے خلاف مظاہروں کے لیے، عبادت گاہوں کو ہدف بنانے پر گہری تشویش ہے۔