سلامتی کونسل کا اجلاس، ایران کے مثبت اقدامات کی تایید
اقوام متحدہ میں ایران کے مندوب نے کہا ہے کہ سلامتی کونسل کے اجلاس میں دئے گئے بیانات ایران کی حقانیت کی دلیل ہیں
اقوام متحدہ میں اسلامی جمہوریہ ایران کے مستقل مندوب غلام علی خوشرو نے سلامتی کونسل کے اجلاس کے بعد کہا کہ جو کچھ اجلاس کے دوران کہا گیا وہ اس بات کا ثبوت ہے کہ ایران نے ایٹمی معاہدے پر مکمل طورپر عمل درآمد کیا ہے اور سبھی ارکان نے اس کی تصدیق کی ہے - ایرانی مندوب نے ارنا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سلامتی کونسل کے ارکان کا کہنا ہے کہ اس معاہدے سے اقتصادی تعاون میں قابل ذکر حد تک اضافہ ہوگا - انہوں نے اجلاس میں امریکا اور برطانیہ کے موقف کا ذکرکرتے ہوئے جس میں ان دونوں ملکوں نے علاقے میں ایران کی مداخلت کا بے بنیاد دعوی کیا ہے کہا کہ ان دونوں ملکوں کا اس قسم کا موقف اجلاس کے ایجنڈے سے مطابقت نہیں رکھتا تھا اور امریکا اور برطانیہ کے بیانات سے یہ صاف ہوگیا ہے کہ وہ شام میں دہشت گردوں کی شکست سے ناراض ہیں اور ساتھ ہی اس بات پر انہیں مایوسی ہے کہ وہ یمن میں اپنے مقاصد حاصل نہیں کرسکے - ایرانی مندوب نے کہا کہ ان ملکوں کی پریشانی کی وجہ واضح ہے اور وہ یہ ہے کہ آل سعود حکومت کو اربوں ڈالر کے ہتھیار فروخت کرنے، برطانیہ کے ذریعے سعودی جارح حکومت کو کلسٹربم فراہم کئے جانے اور ان بموں کو یمن کے عام شہریوں پر استعمال کئے جانے کے باوجود یمنی عوام کی استقامت جاری ہے-