دمشق میں بشار اسد سے ایران کے خصوصی نمائندے کی ملاقات
شام کے صدر بشار اسد نے کہا ہے کہ ان کے ملک کے چھے سالہ بحران میں ایران، شامی عوام کا سب سے بڑا حامی رہا ہے۔
ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق شام کے صدر بشار اسد نے دمشق میں ایران کی پارلیمنٹ مجلس شورائے اسلامی کے خصوصی نمائندے حسین امیر عبداللہیان سے گفتگو میں تکفیری دہشت گردوں کے مقابلے میں شامی فوج اور عوامی رضاکاروں کی حالیہ کامیابیوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران، ان کامیابیوں میں برابر شریک رہا ہے۔
اس ملاقات میں ایران کے مجلس شورائے اسلامی کے خصوصی نمائندے حسین امیر عبداللہیان نے بھی حلب میں شامی فوج اور آستانہ مذاکرات میں شام کی کامیابیوں پر صدر بشار اسد کو مبارک باد پیش کی۔
اس سے قبل انھوں نے دمشق میں فلسطینی رہنماؤں سے ملاقات اور علاقے اور فلسطین کے مختلف مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔ان ملاقاتوں میں فلسطینی رہنماؤں نے بھی صیہونی حکومت کے ساتھ تعلقات برقرار اور معمول پر لانے کے لئے بعض ملکوں کی خفیہ و اعلانیہ کوششوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے اس اقدام کو بیت المقدس کی آزادی سمیت تمام فلسطینی امنگوں سے غدّاری قرار دیا۔
قابل ذکر ہے کہ حسین امیر عبداللہیان، ایک وفد کے ہمراہ دو روزہ دورے پر بدھ کے روز زمینی راستے سے لبنان سے شام پہنچے ہیں۔ اس سے قبل انھوں نے بیروت میں لبنانی حکام سے دو طرفہ تعلقات اور علاقائی مسائل کے بارے میں گفتگو کی۔