علاقائی تعاون کی ضرورت پر ایران کی تاکید
ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے علاقے کے مسائل کے حل میں علاقائی ملکوں کے تعاون کی ضرورت پر تاکید کی ہے۔
ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے ایران کے خلاف ترک حکام کے حالیہ کے مواقف پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ افسوس کی بات ہے کہ ماضی کی اپنی غلط پالیسیوں کی بنا پر ترکی کے حکام مسائل کا رخ موڑنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
انھوں نے امید ظاہر کی کہ علاقے کے ممالک، مسائل کے حل میں علاقے کے ملکوں کے تعاون کی ضرورت کو محسوس کریں گے اور علاقائی تعاون کی یہ ضرورت، غلط بیانی کا متبادل قرار پائے گی۔
محمد جواد ظریف نے قاہرہ کے ساتھ تہران کے رابطے کے بارے میں مصری وزیر خارجہ کے بیان کے بارے میں بھی کہا کہ ایران نے بین الاقوامی تعاون کے دائرے میں شام کے تعلق سے مصر سے ہمیشہ گفتگو کی ہے تاہم فی الحال کوئی نئی گفتگو انجام نہیں پائی ہے۔
انھوں نے کہا کہ آخری بار مصر کے ساتھ دو ہزار سولہ میں نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر گفتگو ہوئی تھی۔
ایران کے وزیر خارجہ نے ایران اور مصر کے درمیان مستقبل میں تعلقات میں بہتری کا امکان ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ مشترکہ علاقائی مسائل کے حل کے سلسلے میں بتدریج قدم آگے بڑھایا جائے۔