Mar ۱۶, ۲۰۱۷ ۱۵:۳۸ Asia/Tehran
  • جارحانہ اور مداخلت پسندانہ پالیسیاں انسانی اسمگلنگ کی باعث ہیں ، ایران

اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب نے کہا ہےکہ غاصبانہ قبضوں، طویل جنگوں ، دہشت گردی اور نسلی صفائی کے اقدامات کی وجہ سے اس وقت دنیا میں انسانوں کی اسمگلنگ جیسی خطرناک لعنت بڑھتی جارہی ہے۔

اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب غلام علی خوشرو نے انسانی اسمگلنک کے بارے میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے جنرل اجلاس میں کہا کہ انسانوں کی اسمگلنگ اور لوگوں کا طرح طرح سے جنسی استحصال بردہ داری کی مختلف شکلیں ہیں جو آج بڑے عالمی چیلنج میں تبدیل ہوچکی ہیں۔

انہوں نے کہاکہ مداخلت پسندانہ اور جارحانہ پالیسیاں، دہشت گردی اور نسلی صفائی کے اقدامات نے لوگوں کو نقل مکانی کرنے پر مجبور کرنے کے علاوہ انسانی اسمگلروں کے لئے بھی مواقع فراہم کردئے ہیں۔

ایرانی مندوب کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کی اصل ذمہ داری اس خطرناک لعنت کا مقابلہ کرنا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگراقوام متحدہ نے انسانی اسمگلنگ اور انسانوں سے غلط استفادے جیسے اقدامات کے خلاف ٹھوس کارروائی نہیں کی تو پھر اس عالمی مسئلے سے نمٹنا  بہت مشکل ہوجائےگا۔

ایرانی مندوب کا کہنا تھا کہ ان مشکلات کا حل ملکوں کے اقتدار اعلی کا احترام کرنا ، تارکین وطن کے حقوق کا خیال رکھنا ، مذہبی اور قومی اقلیتوں کے خلاف تشدد آمیزاقدامات کا خاتمہ اوردوسری قوموں اور مذاہب کے لوگوں کو خطرہ بناکر پیش کرنے کی پالیسیوں سے دستبردار ہوجانا ہے۔

 

ٹیگس