Apr ۰۹, ۲۰۱۷ ۱۴:۵۱ Asia/Tehran
  • آئی آر 8 سینٹری فیوج مشین میں فیومیگیشن کی کامیاب کارروائی

ایران کے ایٹمی توانائی کے ادارے کے سربراہ نے کہا ہے کہ آئی آر ایٹھ سینٹری فیوج مشینوں کے فنی تجربے اور ان مشینوں میں گیس منتقلی یعنی فیومیگیشن کا عمل کامیابی کے ساتھ انجام پا گیا۔

ایران کے ایٹمی توانائی کے ادارے کے سربراہ علی اکبر صالحی نے اتوار کے روز تہران میں ایٹمی ٹیکنا لوجی کے قومی دن کی تقریب میں کہا ہے کہ جوہری ٹیکنالوجی کے استعمال کے دائرے میں صنعتوں کی ضرورت کی مشین بنانے کے لئے ایران کے جوہری صنعتکار ماہرین کی تیار کردہ ایک الٹرا سینٹری فیوج مشین، وزارت پٹرولیم کے اختیار میں دی جا رہی ہے اور اس مشین سے پتھر میں تیل کی حرکت کا پتہ لگایا جاسکتا ہے۔علی اکبر صالحی نے جوہری ٹیکنالوجی کا استعمال کر کے سہولیات فراہم کئے جانے کے شعبے میں ایران کو دنیا کا چوتھا ملک قرار دیتے ہوئے کہا کہ فردو کی سائٹ میں عنقریب جوہری تحقیقات کے شعبے میں فرسٹ لیبارٹری پائلٹ اسٹیبل آئیسوٹوپ سے استفادہ کیا جائے گا۔انھوں نے کہا کہ جوہری بجلی کی پیداوار بڑھانے کے لئے ایران کی کوششیں بدستور جاری ہیں اور بوشہر کے ایٹمی بجلی گھر میں روسی ماہرین کے تعاون سے اکّیس سو میگاواٹ بجلی کے دو نئے یونٹوں کی تعمیر کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ایران کے ایٹمی توانائی کے ادارے کے سربراہ نے کہا کہ ایران کے ایٹمی توانائی کے ادارے کی ایک طویل المدت پالیسی، ایران کا مشرق وسطی کے علاقے میں ریڈیو میڈیسن تیار کرنے والے ایک بڑے مرکز میں تبدیل ہونا ہے۔انھوں نے کہا کہ ایرانی ماہرین کی تیار کردہ دوائیں، جی ایم پی منصوبے کے تحت تقریبا ساٹھ ملین یورو کی سرمایہ کاری کے ساتھ علاقائی و عالمی سطح پر وسیع پیمانے پر برآمد کی جا رہی ہیں۔علی اکبر صالحی نے کہا کہ اراک میں بھاری پانی کے ری ایکٹر کی ری ڈیزائیننگ کا کام تیزی کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے اور بین الاقوامی منڈیوں میں تہران کی جانب سے بھاری پانی کی برآمدات کے ساتھ ایران، عالمی منڈیوں میں اس پیداوار کو فراہم کرنے والے ملکوں کی فہرست میں شامل ہو گیا ہے۔ایران کے ایٹمی توانائی کے ادارے کے سربراہ علی اکبر صالحی نے یہ بھی کہا کہ یلو کیک کی مانند خام مواد کی فراہمی کے لئے ضروری اقدامات عمل میں لائے جا چکے ہیں اور حالیہ ایک برس کے دوران ایران کے اسٹریٹیجک ذخائر میں تین سو ساٹھ ٹن سے زائد یلو کیک کا اضافہ ہوا ہے۔

ٹیگس