ایران کا کینسر آئیان تھراپی سنٹر بہت جلد اپنا کام شروع کردے گا: علی اکبر صالحی
ایران کے ایٹمی انرجی کے ادارے کے سربراہ علی اکبر صالحی نے کہا ہے کہ جلد ہی ایران میں کینسر کی آئیان تھراپی کے جدید ترین مرکز کا افتتاح کیا جائے گا۔
ایران کے ایٹمی ادارے کے سربراہ نے منگل کو صوبہ البرز میں نیشنل آئیان تھراپی سنٹر کے بعض آلات کی آزمائش کے موقع پر کہا کہ آئیان تھراپی کے اس مرکز کا قیام دوسو ملین یورو کے خرچ سے عمل میں آیا ہے۔
علی اکبر صالحی نے کہا کہ ایران دنیا کا ساتواں ملک ہے جس کے اسپتال اس طرح کی ٹیکنالوجی اور آلات سے آراستہ کئے جا رہے ہیں۔ ایران کی ایٹمی انرجی کے ادارے کے سربراہ نے کہا کہ اس آئیان تھراپی مرکز میں مختلف قسم کے کینسر کا مکمل علاج فراہم کیا جائے گا۔ علی اکبر صالحی نے کہا کہ ایران مغربی ایشیا کا پہلا ملک ہے جس نے یہ کام شروع کیا ہے۔
ایران کی ایٹمی انرجی کے ادارے کے سربراہ نے کہا کہ ایٹمی انرجی کے ادارے کی ایک ذمہ داری ریڈیو میڈیسین کے میدان میں کام کرنا ہے اور اس سنٹر کا قیام بھی اس ذمے داری کو پورا کرنے کی غرض سے عمل میں آیا ہے۔