ایران: اصفہان میں 20 ہزار افغان بچوں کا واکسینیشن
ایران کے صوبے اصفہان میں مقیم پانچ سال سے کم عمر کے غیر ملکیوں خاص طور سے 20 ہزار افغان بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے گئے۔
ایران کے صوبے اصفہان میں بیماریوں کے کنٹرول کے طبی مرکز کے سربراہ رضا فدائی نے جمعرات کو ارنا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران میں وزارت صحت کی جانب سے ہر سال مختلف صوبوں میں مقیم غیر ملکی بچوں کے لئے موسم بہار میں دو مرحلوں میں واکسینیشن کا عمل انجام پاتا ہے۔انھوں نے کہا کہ افغانستان اور پاکستان، ایسے دو ممالک ہیں کہ جہاں پولیو کا مرض اب بھی پایا جاتا ہے اس لئے خاص طور سے ایران میں مقیم ان دونوں ممالک کے بچوں کو ہر سال انسداد پولیوں کے قطرے دیئے جاتے ہیں۔انھوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران میں واکسینیشن کا یہ عمل، گذشتہ اٹھارہ برسوں سے انجام پا رہا ہے اور اس دوران ایران میں مقیم غیر ملکی بچوں میں پولیو کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا ہے۔قابل ذکر ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران میں رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کی خصوصی ہدایات کے دائرے میں غیر ملکیوں خاص طور سے افغان بچوں کو طبی مراعات کے علاوہ مفت تعلیم بھی دی جاتی ہے۔