Apr ۱۴, ۲۰۱۷ ۱۷:۰۵ Asia/Tehran
  • ایران روس اور شام کے وزرائے خارجہ کی ملاقاتیں

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیرخارجہ نے ماسکو میں روس اور شام کے وزرائے خارجہ سے ملاقات میں شام اور علاقے کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ہے۔

وزیرخارجہ محمد جواد ظریف نے جمعے کو ماسکو میں روسی وزیرخارجہ سرگئی لاوروف سے ملاقات کی اور مختلف مسائل منجملہ مشرق وسطی اور خاص طور شام کی صورتحال کے بارے میں بات چیت کی۔
ملاقات میں وزیرخارجہ جواد ظریف نے علاقے میں ایران اور روس کے تعاون اور دہشت گردی کے خلاف علاقائی اور عالمی سطح پر تعاون کی ضرورت پر زوردیا۔
انہوں نے شام کے بحران کو سیاسی طریقے سے حل کرنے کی اسٹریٹیجی جاری رکھنے اور بیرونی مداخلت کے خاتمے کو بھی ضروری قراردیا۔
ان کا کہناتھا کہ شام پرحملے کو جواز بنانے شامی حکومت پر کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کا دعوی واپس لیا جانا چاہئے تاکہ ضروری تحقیقات انجام پاسکیں۔
روسی وزیرخارجہ سرگئی لاوروف نے بھی کہا کہ شام کے بحران کے سیاسی حل کی کوششوں کے ساتھ ساتھ اس بحران کے حل کی تقویت کے لئے تعاون کے طریقوں کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔
ایران اور روس کے وزرائے خارجہ نے اس ملاقات میں شام کی تازہ ترین صورتحال منجملہ خان شیخون پر کیمیائی حملے اور اس حملے کے ذمہ داروں کا پتہ لگانے کے لئے آزاد اور غیر جانبدار تحقیقات کے معاملے پر بھی بات چیت کی۔
ایران کے وزیرخارجہ نے ماسکو میں سہ فریقی اجلاس سے قبل شام کے وزیرخارجہ ولید المعلم سے بھی ملاقات کی۔ایران اور شام کے وزرائے خارجہ نے اس ملاقات میں بحران کے سیاسی حل کے لئے دونوں ملکوں کے تعاون کو جاری رکھنے پر زور دیا۔
اس سے پہلے اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیرخارجہ نے ماسکو پہنچنے پر کہا تھا کہ ماسکو اجلاس میں ایران و روس سمجھوتے پر عمل درآمد کے طریقہ کار اور شام کے حالات کا جائزہ لیا جائے گا۔
ایران کے وزیرخارجہ محمد جواد ظریف نے کہا کہ حالیہ مذاکرات کے دوران ایران اور روس نے جو اتفاق رائے کیا تھا ان پر عمل درآمد کے طریقہ کار اور شام کی صورتحال کا ماسکو اجلاس میں جائزہ لیا جائےگا۔ ان کا کہنا تھا کہ شام پر ا مریکا کے حملے کے بعد ایران روس اور شام کے درمیان ایک کوآرڈینیشن اجلاس ضروری تھا۔انہوں نے کہا کہ ان کے اس دورے میں گذشتہ مارچ میں ایران اور روس کے صدور کے درمیان کریملین میں ہوئے سمجھوتے کے بارے میں بھی بات چیت ہوگی۔
ایران کے وزیرخارجہ اپنے روسی ہم منصب کی دعوت پر ایک وفد کے ہمراہ جمعے کی صبح ماسکو پہنچے ہیں جہاں انہوں نے ایران، روس اور شام کے وزرائے خارجہ کی شرکت سے ہونےوالے سہ فریقی اجلاس میں شرکت کی۔
یہ سہ فریقی اجلاس شام کے الشعیرات فضائی اڈے پر امریکا کے حملے کے بعد ہوا ہے۔ جمعے کو ہونےوالا سہ فریقی اجلاس ان تینوں کے ملکوں کے وزرائے خارجہ کے درمیان اس نوعیت کا دوسرا اجلاس ہے۔

ٹیگس