پاکستانی سفیر وزارت خارجہ میں طلب
ایران نے اپنے سکیورٹی اہلکاروں کی شہادت پر سخت احتجاج کرتے ہوئے پاکستان کے سفیر کو وزارت خارجہ میں طلب کیا ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے کہا ہے کہ میرجاوہ میں دہشت گردوں کے حملے میں 10 سکیورٹی اہلکاروں کی شہادت پر تہران میں تعینات پاکستانی سفیر کو دفتر خارجہ طلب کر کے ان سے احتجاج کیا اور ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے اقدامات کا مطالبہ کیا گیا ۔.
وزارت خارجہ کے ترجمان نے آج جمعہ کے روز اس حوالے سے بتایا کہ ایرانی وزارت خارجہ کے ڈائریکٹر جنرل برائے مغربی ایشیا نے پاکستانی سفیر کے ساتھ اس ملاقات میں اسلامی جمہوریہ ایران کا احتجاج ریکارڈ کرایا ۔
انہوں نے کہا کہ ایران پاکستان سے توقع رکھتا ہے کہ دہشت گردوں کی شناخت اور ان کو کیفر کردار تک پہنچانے کے لئے سنجیدہ اور ٹھوس اقدامات کرے گا اور پاکستانی حکام مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام اور پاکستانی سرزمین کو استعمال ہونے کی اجازت نہیں دیں گے۔
اس موقع پر پاکستان کے سفیر نے دہشت گردی کے واقعہ میں شہید ہونے والے سکیورٹی اہلکاروں کی شہادت پرتعزیت پیش کرتے ہوئے یقین دھانی کرائی کہ ایران کی تشویش سے فوری طور پر پاکستان کی حکومت کو آگاہ کا جائے گا ۔
واضح رہے كہ بدھ كی رات ايران كے جنوب مشرقی صوبے سيستان و بلوچستان کے علاقے میر جاوہ ميں ايران اور پاکستان کی مشتركہ سرحد كے قريب دہشتگردوں کے حملے میں ايران کی سکیورٹی فورسز کے 10 جوان شہيد ہوگئے۔
زاہدان كے پبلک پراسيكيوٹر علی موحدی راد نے ايران کی سکیورٹی فورسز كی شہادت كی تصديق كرتے ہوئے کہا كہ دہشتگرد فائرنگ كے بعد رات كے اندھيرے سے فائدہ اٹھا كر پاكستانی حدود میں فرار کرگئے۔