ایران اور ہندوستان کے درمیان گیس کے شعبے میں تعاون کا فروغ
تہران اور نئی دہلی نے فرزاد بی گیس فیلڈ کی توسیع اور ہندوستان کی آئل ریفائنریوں کی جانب سے ایران کو رقم ادا کئے جانے کے طریقوں کے بارے میں تبادلہ خیال کیا ہے۔
ہندوستان کے خارجہ سیکریٹری سبرامنیم جے شنکر اور ایران کے وزیر پٹرولیم بیژن نامدار زنگنہ کی زیرقیادت وفود کے درمیان تہران میں ہونے والی ملاقات میں فریقین نے ایران کی فرزاد بی گیس فیلڈ کی توسیع کے لئے ہندوستان کی او این جی سی ویدیش کمپنی کی تجویز اور اس سلسلے میں ایران اور ہندوستان کی آئل کمپنیوں کے درمیان مالی مسائل کے بارے میں مذاکرات انجام دئے-تجارتی اور بین الاقوامی امور میں ایران کے نائب وزیر پٹرولیم امیر حسین زمانی نیا نے اس ملاقات کے موقع پر کہا کہ نئی دہلی کی جانب سے فرزاد بی گیس فیلڈ کی توسیع کے منصوبے سے متعلق مذاکرات کو نتیجہ بخش بنانے کے بارے میں دونوں ملکوں کے اعلی حکام میں سنجیدہ عزم پایا جاتا ہے۔طے پایا تھا کہ ہندوستان کی کمپنیاں فرزاد بی گیس فیلڈ میں گیس کا پتہ لگانے کے بعد اس کی توسیع پر کام کریں گی مگر ایران مخالف پابندیوں کے نفاذ کے بعد ان کمپنیوں نے اپنی سرگرمیاں روک دی تھیں۔ایران کے خلاف پابندیاں ختم کئے جانے کے بعد ہندوستان نے اس گیس فیلڈ کی توسیع میں ایک بار پھر دلچسپی ظاہر کی ہے۔ہندوستان کی وزارت پٹرولیم کو امید ہے کہ فرزاد بی گیس فیلڈ کی توسیع کے بارے میں ہندوستانی کمپنیوں او این جی سی ویدیش کو مراعات دیئے جانے کے سلسلے میں ایران کو رضامند کر لیا جائے گا۔