دہشتگردی کے خلاف تعاون پر تاکید
ایران اور روس کی قومی سلامتی کونسل کے سربراہوں نے ایک ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان طے پانے والے سیکورٹی معاہدوں کے نفاذ کی ضرورت پر زوردیا۔
تفصیلات کے مطابق، اسلامی جمہوریہ ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سیکرٹری ایڈمیرل علی شمخانی نے جو آٹھویں سیکورٹی کانفرنس میں شرکت کے لئے گزشتہ روز روس پہنچے تھے اپنے روسی ہم منصب نکولائی پیتروشف کے ساتھ ملاقات کی.
فریقین نے اس موقع پر انسداد دہشتگردی، انتہاپسندی کی روک تھام، سیکورٹی اور معلومات کے تبادلے کے شعبوں میں دونوں ممالک کے تعاون کا جائزہ لیا.
ایڈمیرل شمخانی اور ان کے روسی ہم منصب کے درمیان دہشتگردوں کے خلاف شام اورعراق سمیت خطے کے دیگر علاقوں میں دونوں ممالک کے مابین تعاون پر بھی گفتگو ہوئی.
شمخانی نے اس موقع پر کہا کہ بعض ممالک کی فوجی مداخلت اور جارحیت کی وجہ سے خطے کی صورتحال مزید پیچیدہ ہورہی ہے.
روس کی قومی سلامتی کے مشیر نکولائی پیتروشف نے اس ملاقات میں ایران کے 12ویں صدارتی انتخابات میں ڈاکٹر حسن روحانی کی دوسری مرتبہ کامیابی پرمبارکباد پیش کی.
روس کی قومی سلامتی کے مشیر نے ایران، روس تعلقات بالخصوص دہشتگردی کے خلاف مشترکہ تعاون پراطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان قریبی اور موثر تعاون جاری رہنے سے خطے میں قیام امن و سلامتی کے لئے مدد ملے گی.
واضح رہے کہ ایڈمیرل شمخانی روس کے شمالی علاقے میں منعقد ہونے والی سیکورٹی کانفرنس سے خطاب کریں گے جس میں 70 سے زائد ممالک کے اعلی سیکورٹی حکام شریک ہوں گے۔