تہران میں دہشت کردانہ حملوں کی عالمی سطح پر مذمت جاری
تہران میں بدھ کے روز انجام پانے دہشت گردانہ حملوں کی عالمی سطح پر مذمت کا سلسلہ جاری ہے۔اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اور سلامتی کونسل کے چیئرمین سمیت متعدد ملکوں کے رہنماؤں نے ایرانی حکومت اور قوم کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے جاری کردہ بیان میں تہران میں داعش کے حملوں کو وحشیانہ اور بزدلانہ قرار دیتے ہوئے اس کی سخت مذمت کی گئی ہے۔ سلامتی کونسل کے اجلاس میں ممبران نے سانحہ تہران کے شہدا کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کیسلامتی کونسل کے چیئرمین کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ارکان اسلامی جمہوریہ ایران کے دارالحکومت تہران پر ہونے والے وحشیانہ اور بزدلانہ دہشت گردانہ حملوں کی شدید ترین مذمت کرتے ہیں۔اس بیان میں حملوں میں ملوث عناصر، انہیں منظم کرنے والوں، اور ان کی مالی اور سیاسی حمایت کرنے والوں پر مقدمہ چلانے اور قرار واقعی سزا دینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔اس بیان کے آخر میں اقوام متحدہ کی قرارداد اکیس ننانوے اور بائیس ترپن کے تحت دہشت گردی اور دہشت گردی کی مالی حمایت کی روک تھام کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا ہے۔اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اینٹونیو گوترس نے بھی اپنے ایک بیان میں امام خمینی رح کے حرم اور پارلیمنٹ پر حملوں کی مذمت کی ہے۔انہوں نے اپنے بیان میں، ایران کی حکومت اور دہشت گرادانہ حملے میں شہید ہونے والوں کے لواحقین کو تعزیت پیش کرتے ہوئے یہ بات زور دے کر کہی ہے کہ اس گھناؤنے جرم میں ملوث عناصر کو ان کے کیے کی سزا ملنی چاہیے۔اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے بیان میں صراحت کے ساتھ کہا گیا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں تمام ممالک مل کر کام کریں اور مختلف معاشروں کو ایک دوسرے سے متحد رکھنے والی عالمی اقدار اور قوانین کی پاسداری بھی کریں۔ہالینڈ، وینیز ویلا، نکاراگوا، بولیویا، تیونس، اکواڈور، قبرص، برطانیہ، آسٹریا، اور برازیل سمیت دنیا کے متعدد ملکوں نیز، جہاد اسلامی فلسطین، حزب اللہ لبنان اور بحرین کی وفاق ملی پارٹی نے بھی امام خمینی رح کے حرم اور پارلیمنٹ پر حملوں کی مذمت کرتے ہوئے، ایرانی عوام سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔اس سے پہلے دنیا کے بہت سے ملکوں اور عالمی تنظیموں نے بدھ کے روز ہی تہران میں پیش آنے والے دہشت گردی کے واقعات کی مذمت اور ایرانی حکومت اور عوام سے یکجہتی کے اعلان کیا تھا۔