Jun ۰۹, ۲۰۱۷ ۱۴:۴۵ Asia/Tehran
  • تہران حملہ، ڈیموکریسی اور اسلامی جمہوریت پر حملہ ہے۔ صدرمملکت

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر اور پارلیمنٹ کے اسپیکر نے تہران میں ہونے والے حالیہ دہشت گردانہ حملوں کو ڈیموکریسی اور دینی جمہوریت پر حملہ قرار دیا ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلمینٹ کے اسپیکر نے تہران میں ہونے والے دہشت گردانہ حملوں کے شہداء کی الوداعی پروگرام میں کہا کہ حالیہ دہشت گردانہ حملوں سے ثابت ہوتا ہے کہ دہشت گردوں نے اپنی توجہ ایران کی دینی جمہوریت کے اصلی مراکز پر مرکوز کررکھی ہے۔
پارلیمنٹ کے اسپیکر علی لاریجانی نے اس بات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہ آج ایران، دوقسم کے داعش کا مقابلہ کررہا ہے کہا کہ ہمیں علاقائی داعش اور بین الاقوامی داعش دونوں کا سامنا ہے۔
انھوں نے کہا کہ وہ لوگ جو دہشت گردی کو ختم کرنا چاہتے ہیں ان کے پاس بین الاقوامی داعش یعنی امریکہ کے خلاف جد و جہد کے سوا کوئی چارہ نہیں ہے۔
ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے امریکی سینیٹ میں منظور ہونے والے حالیہ بل کے سلسلےمیں کہا کہ اس بل کو دہشت گردوں کی حمایت اور ایران پرنئی پابندیاں لگانے کے لئے پاس کیا گیا ہے۔
انھوں نے کہا کہ اس وقت امریکیوں نے گستاخی کی تمام حدیں پار کر دی ہیں کیونکہ سپاہ پاسداران انقلاب اور قدس بٹالین، علاقے میں دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں سب سے آگے ہیں اور امریکیوں کے اس اقدام سے ثابت ہوتا ہے کہ وہ علاقے میں دہشت گردوں کے ساتھ ہیں۔
درایں اثنا صدرمملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے بھی تہران دہشت گردانہ حملوں کے شہداء کی الوداعی مجلس کے موقع پر ہمارے نمائندے سے گفتگو میں ایران کے بارہویں صدارتی انتخابات میں عوام کی بھرپور شرکت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ جب بھی ایرانی قوم کو کوئی بڑی کامیابی ملتی ہے تو دشمن ملک کو بھاری نقصان پہنچانے کی کوشش کرتے ہیں۔
صدر حسن روحانی نے کہا کہ تہران میں بدھ کو ہونے والی دہشت گردانہ کارروائیاں درحقیقت ڈیموکریسی سے انتقام ہے کیونکہ ڈیموکریسی دہشت گردوں کی فکری بنیادوں کو اکھاڑ پھینکتی ہے اور یہ ثابت کر دکھاتی ہے کہ تشدد اور طاقت مناسب راہ حل نہیں ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے تاکید کے ساتھ کہا کہ ایران کے عوام، اپنے مقاصد کے حصول کی راہ پر گامزن رہیں گے اور اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ ملت ایران ایک کامیاب قوم ہے۔
تہران میں ہونے والے دہشت گردانہ حملوں کے شہداء کی الوداعی پروگرام میں ایران کے اعلی سیاسی و فوجی حکام اور شہداء کے اہل خاندان نے شرکت کی۔ شہداء کی الوداعی پروگرام کا اہتمام پارلیمنٹ کے آفتاب حال میں کیا گیا تھا۔

ٹیگس