سپاہ پاسداران انقلاب نے کیا شام میں دہشتگردوں کا کمانڈ اینڈ کنٹرول مرکز تباہ
سپاہ پاسداران اسلامی انقلاب نے ایک بیان میں کہا ہے کہ تہران میں ہوئے دہشت گردانہ حملوں کے جواب میں شام کے علاقے دیرالزور میں قائم تکفیری دہشتگردوں کے کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کو میزائلوں سے نشانہ بنایا گيا ہے۔
اس بیان کے مطابق، پاسداران اسلامی انقلاب فورس نے پروردگار کے فضل و کرم، ایران کی بہادر قوم اور شہدا کے خاندانوں کی طرف سے تہران حملوں میں ملوث سفاک دہشتگردوں کو سبق سیکھانے کے لئے شام کے علاقے دیر الزور میں قائم دہشتگردوں کے کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر اور خودکش کار بم تیار کئے جانے والے مراکز کو میزائلوں سے تبادہ کردیا ہے۔
پاسداران انقلاب کے بیان کے مطابق، 7 جون کو تہران میں پارلیمنٹ اورحضرت امام خمینی (رح) کے مزار پر دہشتگردوں کے حملوں کے نتیجے میں 18 افراد شہید اور متعدد روزہ دار زخمی ہوگئے تھے اور سپاہ پاسداران انقلاب نے اس حملے کے بعد کہا تھا کہ نہتے عوام کے خون کا بدلا لیا جائے گا۔ سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے مزید کہا کہ اس کارروائی کا مقصد اور پیغام واضح ہے، ہم دہشتگردوں اور ان کے علاقائی اور بیرونی حواریوں اور حامیوں کو انتباہ دیتے ہیں کہ اگر ایرانی قوم کے خلاف ایسے سفاکانہ اور شیطانی اقدامات دہرائے گئے تو آئندہ ہمارا ردعمل مزید سخت اور تباہ کن ہوگا۔
موصولہ رپورٹوں کے مطابق اس کارروائی میں متعدد دہشتگرد ہلاک اور ان کے جنگی آلات، تنصیبات اور کئي اسلحہ ڈپو بھی مکمل طور پرتباہ ہوگئے ہیں۔