ایران کے ساتھ روابط کے فروغ پرفرانس کی تاکید
فرانسیسی سینیٹ کے چیئرمین نے ایران کے ساتھ سیاسی مشاورت جاری رکھنے پر تاکید کی ہے۔
فرانس کے چیئرمین سینیٹ گیراڈ لارشہ نے گزشتہ روز پیرس میں فرانس کے دورے پر آئے ہوئے اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف کے ساتھ ہونے والی ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فرانس، اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ سیاسی مشاورت کا سلسلہ جاری رکھنے کا خواہاں ہے۔
اس موقع پر ایران اور فرانس کے تعلقات کو اہم قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فرانس علاقائی مسائل کے حوالے سے ایران کے ساتھ باہمی مشاورت کی سطح کو بڑھانے میں دلچسپی رکھتا ہے۔
اس ملاقات میں ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے فرانس کے ساتھ تعلقات کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ فرانس یورپ میں ایران کا ایک اہم شراکت دار ہے۔
ایران کے وزیر خارجہ نے فرانس کے ساتھ باہمی مشاورت کے فروغ اور علاقائی مسائل کے حل کے لئے یورپی ممالک کے درمیان فرانسیسی کردار کا خیرمقدم کیا۔