عمان کے وزیر خارجہ کی صدر ایران سے ملاقات
صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ ایران خطے میں اختلافات اور کشیدگی کے خاتمے کی ہر کوشش کا خیر مقدم کرتا ہے۔
عمان کے وزیر خارجہ یوسف بن علوی سے بات چیت کرتے ہوئے صدر حسن روحانی کا کہنا تھاکہ دہشت گردی اور بعض ملکوں کی بے جا مداخلت کی وجہ سے خطے کی صورتحال دھماکہ خیز ہوگئی ہے۔
ڈاکٹر حسن روحانی نے یہ بات زور دے کر کہی کہ خطے میں دہشت گردی کی بیخ کنی کے لیے تمام ملکوں کو مل کر اپنی بھرپور توانائیوں سے استفادہ کرنا ہوگا۔
انہوں نے خطے میں پیدا ہونے والی مشکلات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ تمام مشکلات کو پرامن طریقے سے اور مذاکرات کے ذریعے حل کیا جاسکتا ہے۔
صدر حسن روحانی نے ایران اور عمان کے درمیان تعلقات کے فروغ پر بھی زور دیا۔
عمان کے وزیر خارجہ یوسف بن علوی نے اس ملاقات میں خطے کے بحرانوں کو فوری طور پر سفارت کاری کے ذریعے حل کیے جانے کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ شام سمیت خطے کے بحرانوں کے پرامن تصفیے اور داعش کے خلاف جنگ میں اسلامی جمہوریہ ایران اہم اور موثر کردار ادا کر رہا ہے۔
عمان کے وزیر خارجہ نے کہا کہ ان کا ملک اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو مزید فروغ دینے کا بھی خواہاں ہے۔
عمان کے وزیر خارجہ نے اس سے قبل ایران کے وزیر خارجہ محمدجواد ظریف سے بھی ملاقات اور خطے کی تازہ صورتحال کے بارے میں تفصیلی تبادلہ خیال۔
عمان کے وزیر خارجہ یوسف بن علوی خطے کے مسائل پر صلاح و مشورے اور باہمی تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال کرنے کی غرض سے بدھ کے روز تہران پہنچے تھے۔