ایران اور روس کے درمیان ایٹمی انرجی کے میدان میں تعاون
ایران کے ایٹمی انرجی کے ادارے کے ترجمان نے کہا ہے کہ ایران اور روس ایٹمی میدان میں تعاون کو جاری رکھتے ہوئے مشترکہ منصوبوں کو قبل از وقت مکمل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
ایران کی ایٹمی انرجی کے ادارے کے ترجمان بہروز کمالوندی نے ماسکو میں روس ایٹم کمپنی کے سربراہ الکسی لخاچیف سے مذاکرات کے بعد کہا کہ ایران کا ایٹمی انرجی کا ادارہ اور روس ایٹم کمپنی باقاعدہ مشاورتی نشستیں کرتے ہیں اور اس نشست میں بوشہر ایٹمی بجلی گھر کی پہلی یونٹ کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔
کمالوندی نے بوشہر ایٹمی بجلی گھر کی دوسرے اور تیسرے یونٹوں کی تعمیر کے منصوبے پر عمل درآمد کے بارے میں کہا کہ یہ منصوبہ طے شدہ پروگرام کے مطابق آگے بڑھ رہا ہے اور یہ کہا جا سکتا ہے کہ دوسرے یونٹ کی تکمیل میں تقریبا آٹھ سال اور تیسرے یونٹ کے مکمل ہونے میں دس سال کا وقت لگے گا۔
ایران کے ایٹمی انرجی کے ادارے کے ترجمان نے مشترکہ جامع ایکشن پلان کے دائرے میں ایران اور روس کے درمیان تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ مشترکہ جامع ایکشن پلان پر دستخط کے بعد دونوں ممالک کے درمیان اچھا تعاون ہو رہا ہے۔