ایران یورپ تعلقات کے فروغ پر زور
ایران کے وزیر خارجہ نے یورپی عہدیداروں کے ساتھ ملاقات میں کہا ہے کہ توانائی کے سستے ذخائر، جغرافیائی پوزیشن، کارآمد افرادی قوت اور پائیدار سیکورٹی کے باعث ایران میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کا راستہ پوری طرح ہموار ہوگیا ہے۔
اتوار کے روز تہران میں، یورپی تعلقات میں جرمن وزارت خارجہ کے سیکریٹری، مخائیل روتھ سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے تہران اور برلن کے درمیان تعلقات کے فروغ اور مذاکرات پر خوشی کا اظہار کیا۔
ایران کے وزیر خارجہ نے علاقائی مسائل، خاص طور سے خطے میں قیام امن کی غرض سے تعاون اور صلاح و مشورے کی ضرورت پر تاکید کرتے ہوئے کہا کہ جرمنی اہم علاقائی اور بین الاقوامی مسائل کے حل میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔
یورپی تعلقات میں جرمن وزارت خارجہ کے سیکریٹری، مخائیل روتھ نے اس موقع پر کہا کہ ان کا ملک خود کو خطے کے امن و استحکام کا پابند سمجھتا ہے اور اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ تعاون کے لیے تیار ہے۔
انہوں نے جامع ایٹمی معاہدے کو اپنے ملک کے لیے بھی انتہائی اہم قرار دیا اور یہ بات زور دے کر کہی کہ جرمنی اعلی سطح پر ایران کے ساتھ رابطوں کا سلسلہ جاری رکھے گا۔
ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے اسپین کی سینیٹ کے چیئرمین پیرگارسیا اسکودیرو سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ توانائی سستے ذخائر، جغرافیائی پوزیشن، کارآمد افرادی قوت اور پائیدار سیکورٹی کے باعث ایران میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کا راستہ پوری طرح ہموار ہوگیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوامی وفود کے تبادلے نیز فن و ہنر کے شبعے میں تعلقات کے فروغ سے دونوں ملکوں کے روابط مزید مضبوط ہوں گے۔
اسپین کی سینیٹ کے چیئرمین پیئرگارسیا اسکودیرو نے اس موقع پر کہا کہ ان کا ملک تمام شعبوں میں ایران کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینے کا خواہاں ہے۔
انہوں نے جامع ایٹمی معاہدے کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ اس معاہدے سے دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی، اقتصادی تعلقات کے فروغ اور سرمایہ کاری کا راستہ ہموار ہوگیا ہے۔
ایران کے وزیر خارجہ اور اسپین کے چیئرمین سینیٹ نے اس ملاقات میں دونوں ملکوں کے درمیان اقتصادی اور تجارتی تعلقات کے فروغ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔